جی ایس پی اسکیم کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر جرمنی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، سید نوید قمر

May 27, 2022

وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر یورپی یونین کے دورہ کے سلسلہ میں جرمنی کے سرکاری دورے پر ہیں۔ انہوں نے جمعہ کو جرمن وفاقی دفتر خارجہ کا دورہ کیا، جہاں پر جرمنی کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر ٹوبیاس لینڈر نے ان کا استقبال کیا۔

سفارتخانہ پاکستان برلن کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جرمن وزیر مملکت نے وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس دورہ سے پاکستان اور جرمنی کے دو طرفہ تعلقات خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط اور متنوع ہوں گے۔

دونوں جانب سے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت بڑھانے اور کوویڈ کے بعد کی صورتحال میں اقتصادی تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوﺅں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرا نے توانائی، زراعت، فوڈ سیکورٹی، آٹو موبائل اور ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس اشتراک عمل کے سلسلہ میں کاروباری وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا۔

وزیر تجارت نے جی ایس پی اسکیم کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر جرمنی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جی ایس پی پلس نے دو طرفہ تجارت کو وسیع کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ اس سے پاکستان کو یورپی مارکیٹ میں برابر کے مواقع ملے ہیں اور اس اسکیم نے پاکستان میں سماجی اصلاحات خصوصاً خواتین کو با اختیار بنانے میں ضروری عمل انگیز کا کردار ادا کیا ہے۔

جرمنی کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے جی ایس پی پلس اسکیم میں آئندہ بھی اپنے ملک کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ علاوہ ازیں دونوں وزرا نے خطہ کی تازہ ترین صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ جرمنی نے افغان مہاجرین کو سہولیات کی فراہمی اور وطن واپسی میں پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا۔

سید نوید قمر نے جرمنی کے وزیر مملکت کو یقین دلایا کہ پاکستان افغان مہاجرین کو سہولیات کی فراہمی جاری رکھے گا۔ اس موقع پر انھوں نے پاکستانی سفارتخانہ کا بھی دورہ کیا اور یورپی یونین بھر کے ممالک کے دورہ کے بارے میں افسران اور میڈیا سے بالمشافہ گفتگو کی۔