تاجر کے قتل کا معمہ حل ،خاتون دوست نے جرم کااعتراف کرلیا

May 28, 2022

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) ائیرپورٹ روڈ پر18روز قبل گھر میں قتل ہونے والے تاجر کے قتل کا معمہ حل ہو گیا ۔خاتون دوست قاتلہ نکلی۔ سی آئی اے پولیس نے کلی بوستان میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کر کے مقتول کا موبائل فون قبضے میں لے لیا۔ ملزمہ نے شادی نہ کرنے پر فائرنگ کر کے تاجرکو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق 10مئی کو ائیر پورٹ روڈ پر رہائشی پذیر تاجر محمد رمضان اچکزئی کے گھر میں نامعلوم اافراد نے گھس کر فائرنگ کر کے اسےقتل کر دیا تھا جس کی مقتول کے بھائی حاجی عبدالباری نے ائیر پورٹ تھانے میں رپورٹ درج کرائی تھی ۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے تاجر کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے سی آئی اے پولیس اور ائیرپورٹ پولیس کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی جس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گزشتہ روز کلی بوستان میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون صائمہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے مقتول کا موبائل فون برآمد کر لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمہ نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی مقتول سے دوستی تھی اور وہ مجھے شادی کا جھانسہ دیتا تھا 10مئی کو میں اس کے گھر گئی اور اس سے شادی کرنے کا کہا جس پر اس نے انکار کیا تیش میں آ کر فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا اور گھر سے فرار ہو گئی ذرائع نے بتایا کہ ٹیم ملزمہ سے مزید تفتیش کر رہی ہے ذرائع نے بتایا کہ قتل کے روز مقتول گھر میں اکیلا تھا جبکہ گھر کے تمام دروازے بھی بند تھے ۔