نیا کاروبار شروع کرنے کے گُر

June 20, 2022

نیا کاروبار شروع کرنا آسان کام نہیں۔ ایک کاروباری نظامت کار کے طور پر کوئی نیا پراجیکٹ یا کاروبار شروع کرتے وقت آپ کو بہت سے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن اس میں آپ ہی اکیلے نہیں ہیں! نیا کاروبار شروع کرنا ہر شخص کے لیے اتنا ہی چیلنجنگ ہوتا ہے، جتنا کہ آپ اپنے لیے سمجھتے ہیں۔ ایسے افراد جو پہلے آپ ہی کی طرح کاروبار شروع کرنے کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تھےاور آج کامیاب کاروبار چلا رہے ہیں، ان کی طرف سے کچھ مفید مشورے آپ کے لیے پیشِ خدمت ہیں۔

تیار رہیے

جس طرح وقت کی مناسبت کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، بالکل اسی طرح تیاری کو بھی۔ الیخاندرا بزوبیری، ایک ڈیجیٹل مواصلاتی کمپنی، بولیویا رورل میں اسٹریٹیجک منصوبہ ساز ہیں۔ ان کی کمپنی دیہات میں رہنے والے بولیویائی شہریوں اور مقامی ترقیاتی تنظیموں کی مدد کرتی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ اگر آپ کی نئی کمپنی کاروبار شروع کرنے کے لیے پوری طرح سے تیار نہیں تو مزید سیکھنے اور کام کرنے کے عمل کو جاری رکھیں۔

بزوبیری مشورہ دیتی ہیں کہ اپنی مصنوعات کو بہتر بناتے ہوئے مزید تجربہ حاصل کریں۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ اپنے کاروبار سے متعلق کلاسیں لیں یا نئی مہارتیں سیکھیں اور اپنی موجودہ ملازمت کو جاری رکھتے ہوئےاپنی نئی کمپنی کے لیے پیسے جمع کریں۔ وہ کہتی ہیں کہ جب کاروبار شروع کرنے کے لیے مناسب وقت آئے تو ”موقع کا فائدہ اٹھانے کے لیے تیار رہیے“۔

سرمایہ کے بارے میں سوچیے

جب ہوزے سانچیز نے اپنی کمپنی کی بنیاد رکھی تو ان کی توجہ اپنی مصنوعات پر بہت زیادہ تھی اور انہوں نے بالکل ہی نہیں سوچا کہ وہ کس طرح اس کاروبارسے منافع کمائیں گے۔ اپنی پولیگلوٹا نامی نئی کمپنی کے زیرِانتظام انہوں نے چلی میں ایک انٹرنیٹ پلیٹ فارم قائم کیا۔

گفتگو کے گروپوں کے ذریعے زبانیں سیکھنے کی خاطر، یہ پلیٹ فارم دنیا بھر میں لوگوں کو آپس میں ملاتا ہے۔ لیکن سانچیز نے کاروباری مقاصد کا باضابطہ بیان، اس کے قابل حصول ہونے کی وجوہات اور اس تک پہنچنے کے لیے کی جانے والی منصوبہ بندی کے حوالے سے وضاحت جیسے کاروباری منصوبہ بندی کے کلیدی اجزاء کو نظرانداز کر دیا۔

سانچیز میں اب تھوڑی بہت کاروباری سمجھ بوجھ آ گئی ہے۔ ان کا نئے کاروباری نظامت کاروں کو مشورہ ہے کہ صارفین کی مشکلات کے حل پر توجہ ضرور مرکوز کیجیے، مگر وہ اس میں یہ اضافہ کرتے ہیں، ’’سرمایہ کے بارے میں بھی سوچیے‘‘۔

اپنی مصنوعات کا دفاع کیجیے

ٹریسٹن تھامپسن گیانا میں قائم مارکیٹنگ کے مسائل کے حل فراہم کرنے والی انٹیلیکٹ سٹروم نامی کمپنی کے شراکت دار ہونے کے ساتھ ساتھ کمپنی میں انفارمیشن سسٹم آرکیٹیکٹ کے طور پر بھی کام کرتے ہیں۔ اُن کا مشورہ ہے کہ ’’اپنی مصنوعات سے متعلق مکمل معلومات حاصل کیجیے اور ان کے بھرپور دفاع کے لیے تیار رہیے‘‘۔ تھامپسن کہتے ہیں کہ اگر آپ کو خود اپنی مصنوعات پر یقین نہیں ہوگا تو آپ کے لیے دوسروں کو قائل کرنا انتہائی مشکل ہوگا۔ ان کا مزید یہ کہنا ہے کہ اچھا ہوگا کہ آپ کے اردگرد ایسے مثبت لوگ ہوں ’’جو آپ کی حوصلہ شکنی نہ کریں بلکہ آپ کی حوصلہ افزائی کریں‘‘۔

اپنی مصنوعات کے اثرات کا جائزہ لیجیے

آپ اپنی مصنوعات کو متعارف کرانے سے قبل ان کے ممکنہ اثرات یا ان سے حل ہونے والے مسائل پر غور کریں۔ صوفیہ کروز مکسیک ٹیکاٹل (ٹیکٹی) کی بانی ہیں۔ ان کی کمپنی مقامی کاریگروں اور میکسیکو کے کاروباری لوگوں کو سامان کی خرید و فروخت کے لیے ایک دوسرے سے ملواتی ہے۔

صوفیہ کا کہنا ہے، ’’چاہے ماحولیات کی بات ہو، کمیونٹی یا سیاست دان ہوں، ان تمام لوگوں کے بارے میں سوچیے اور ان کی باتیں توجہ سے سنیے جو اس کام سے وابستہ ہو سکتے ہیں‘‘۔ صوفیہ کروز کہتی ہیں، ’’ایسا منصوبہ شروع کرنے کی کوشش کریں جس میں آغاز ہی سے آپ کو سب کے لیے فائدہ نظر آ ئے‘‘۔

کوئی گُرو ڈھونڈئیے

کہیسٹون والکنس ٹرینیڈاڈ اور ٹوبیگو میں قائم کمپنی، ریورا ڈیٹا سروسزکے بانی ہیں۔ یہ کمپنی ڈیجیٹل اشاعت اور مارکیٹنگ کے مسائل کا حل فراہم کرتی ہے۔ کہیسٹون کہتے ہیں، ’’ایسا گُرو ڈھونڈئیے جو آپ کو آپ کی منزل کی طرف لے جا سکے‘‘۔ جب والکنس اپنی کمپنی شروع کرنے کی تیاری کر رہے تھے، ان کے اکثر دوستوں کو سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔

آج جب وہ پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں تو وہ سوچتے ہیں کہ اگر ان کا کوئی گُرو ہوتا (یعنی کوئی ایسا شخص جو آپ کے بہترین مفاد میں مشورہ دے سکے) تو وہ مددگار ثابت ہوتا۔ اپنی بات کو مکمل کرتے ہوئے والکنس کہتے ہیں، ’’آپ کے پاس جتنے اچھے، مؤثر اور عملی مشورے ہوں گے، کاروبار کے آغاز میں آپ اتنے ہی زیادہ پر اعتماد ہوں گے‘‘۔

خوش اخلاقی اپنائیے

چینی کہاوت ہے، ’’جس کے چہرے پر مسکراہٹ نہیں اور جس کا اخلاق اچھا نہیں اسے دکان نہیں کھولنی چاہیے‘‘۔ خوش اخلاق انسان اچھے دوست اور بہترین مواقع زیادہ حاصل کرتا ہے۔ اگر آپ کو کاروبار شروع کرنا ہے اور اس میں کامیاب بھی ہونا ہے تو آپ کو بہت زیادہ خوش اخلاق ہونا پڑے گا۔