امیدواروں کے غلط نام یا نشان پرنٹ ہونیوالے وارڈز میں پولنگ ملتوی

June 26, 2022

—فائل فوٹو

الیکشن کمیشن نے سندھ کے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے دوران بیلٹ پیپرز پر امیدواروں کے غلط نام یا نشان پرنٹ ہونے والے وارڈز میں پولنگ ملتوی کر دی۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق سندھ کے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں چند وارڈز کے بیلٹ پیپرز پر امیدواروں کے نام یا نشان غلط پرنٹ ہوئے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ان تمام وارڈز پر پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے، ان نشستوں پر دوبارہ الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن نیا شیڈول جاری کرے گا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز پر غلط نام یا نشان شائع ہونے کی انکوائری کا بھی حکم دے دیا ہے۔

دوسری جانب جوائنٹ الیکشن کمشنر سندھ علی اصغر سیال نے اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ جہاں بیلٹ پیپرز پر امیدوار کا نام یا نشان غلط پرنٹ ہوا ہے وہاں الیکشن ملتوی کیے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات جاری

واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں پولنگ جاری ہے، ان انتخابات میں 21 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہیں۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے معرکے میں سندھ کے مختلف ڈویژنز سے 1 ہزار سے زائد امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

بلدیاتی الیکشن کی انتخابی مہم کا وقت جمعے کی رات 12 بجے ختم ہو گیا تھا جبکہ گزشتہ روز تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کے سامان کی ترسیل کر دی گئی تھی۔