پیپلز پارٹی نے مشکل گھڑی میں قوم کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا ‘ صادق عمرانی

June 28, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ قومی خدمات سے سرشار اور اسے عبادت کا درجہ دینے والے جب بھی میدان عمل میں اترے کامیابیوں نے نہ صرف ان کے قدم چومے بلکہ انہیں منزل سے بھی ہمکنار کیا۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں فتح اس حقیقت پر اپنی مہر ث بت کرگئی کہ میڈیا ٹرائل اور تمام سازشوں کے باوجود قوم اب بھی پیپلز پارٹی کو اپنا نجات دہندہ جماعت سمجھتی ہے۔ جس کے سیاسی تدبر و بصیرت سے لبریز قیادت نے ہر مشکل گھڑی میں خود پر اعتماد کرنے والی قوم کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا بلکہ ایک جہد مسلسل کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ایک ایسی سیاسی تاریخ رقم کی جس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ سلطنت عمرانیہ جیسے لاحاصل تجربے کی باقیات کا گند صاف کرنے میں وقت لگے گا جس نے جی حضوری کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی ہر جائز و ناجائز شرائط کو تسلیم کرتے ہوئے گزشتہ چار برسوں میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ کڑی شرائط پر حاصل کرکے اس کا تمام بوجھ عوام کے ناتواں کاندھوں پر ڈال دیا۔ آج عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں یہ نیازی اینڈ کمپنی کا کیا دھرا ہے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں پسپائی تبدیلی سرکار کی اپنی عوام دشمن پالیسیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے گھبرانا نہیں یہ فقرہ خود تمہارے گلے میں فٹ ہوچکا ہے ۔صادق عمرانی نے کہا کہ اہم قومی اداروں کو اپنا ہدف بنا کر تبدیلی سرکار جو کھیل کھیلنا چاہتی تھی اس کا پردہ چاک ہوچکا ہے،سازش میں ناکامی کے بعد پوری تبدیلی سرکار حواس باختہ ہوچکی ہے۔