ایف بی آر کا کارنامہ، پی ٹی آئی نے کریڈٹ لے لیا

June 29, 2022

عمران خان کی قیادت میں مضبوط معاشی ترقی اور ٹیکس پالیسی سے ممکن ہوا، سابق وزیر خزانہ

ملک کی تاریخ میں پہلی بار فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 6 ہزار ارب روپے تک ٹیکس وصول کیا، جس کا کریڈٹ پاکستان تحریک انصاف نے لے لیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں مضبوط معاشی ترقی اور ٹیکس پالیسی سے ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اب ناقص ٹیکس پالیسیوں کی طرف دوبارہ نہیں جانا چاہیے، پہلے سے ٹیکس دہندہ لوگوں پر نئے ٹیکس نہ لگائے جائیں۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ معیشت کے پیداواری شعبوں کو اوور ٹیکس کرنے کی پالیسیوں کی طرف واپس نہ جائیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان مزمل اسلم نے ایف بی آر، پی ٹی آئی اورشوکت ترین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 20 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایف بی آر نے نہ صرف اپنے ہدف کو عبور کیا ہے بلکہ جی ڈی پی میں 2 فیصد ٹیکس بھی شامل کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ’امپورٹڈ حکومت کو پی ٹی آئی سے سبق سیکھنا چاہیے‘۔

خیال رہے کہ ایف بی آر نے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس ایک ہزار ارب سے زیادہ ٹیکس وصول کیا ہے۔

ایف بی آر نے 2021 میں 4732 ارب روپے کا ٹیکس وصول کیا تھا جبکہ رواں سال ٹیکس وصولی 5 ہزار 829 ارب ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق رواں مالی سال انکم ٹیکس کی مد میں 2 ہزار 205 ارب ، سیلز ٹیکس کی مد میں 2 ہزار 773 ارب روپے اورکسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 1007 ارب روپے اکٹھے ہوئے ہیں۔