اداکارہ طلولہ رائیلی نے ایلون مسک سے دوبارہ شادی کیوں کی؟

July 01, 2022

فوٹو، فائل

امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کی سابقہ اہلیہ، اداکارہ طلولہ رائیلی نے ایلون مسک سے دوبارہ شادی کرنے کی وجہ بتادی۔

طلولہ رائیلی، جن کا نیا ڈائسٹوپین ناول’دی کوئکننگ‘ ابھی ریلیز ہوا ہے، دو بار ایلن مسک سے شادی کرچکی ہیں، پہلی شادی 2010 سے 2012 تک قائم رہی اور دوسری شادی 2013 سے 2016 تک قائم رہ سکی۔

اُنہوں نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں اپنے ایلون مسک کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بات کی ہے۔

اُنہوں نے ایلون مسک سے دو بار شادی کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ’میرے خیال میں دوبارہ شادی کرنے کی وجہ صرف یہ تھی کہ طلاق کے بعد بھی ایک ساتھ رہنا احمقانہ سا محسوس ہوا‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’ہم طلاق کے بعد بھی عادتاََ ایک دوسرے کو کہہ رہے ہوتے تھےکہ یہ میرا شوہر ہے یا یہ میری بیوی ہے اور پھر خیال آتا کہ اوہ، ہم اب میاں بیوی نہیں ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’یہ صورتحال دیکھ کر ہم نے سوچا کہ بہتر ہے کہ ہم دوبارہ شادی کرلیں‘۔

طلولہ رائیلی کا کہنا ہے کہ ’ایلون مسک کے ساتھ بہت گہری محبت اور تعلق ہے، وہ بہت اچھے دوست ہیں، میرا بہت خیال رکھتے ہیں، ہم اب زندگی کے ایک خوشگوار موڑ پر ہیں، جہاں ہم ایک دوسرے کے ساتھ اچھا سلوک کرتے ہیں اور مجھے ان سے بے پناہ محبت ہے‘۔

اداکارہ نے آج کل اپنے اور ایلون مسک کے پانچ بچوں کی دیکھ بھال کرنے کے لیے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے دوری اختیار کی ہوئی ہے۔

جبکہ ایلون مسک سے طلاق کے بعد وہ اپنے ساتھی اداکار تھامس بروڈی کو ڈیٹ بھی کر رہی ہیں۔