متوقع تیز بارش اور آندھی، کراچی ایئرپورٹ پر پیشگی حفاظتی اقدام

July 01, 2022

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور متوقع آندھی کی پیشگوئی کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیشگی حفاظتی اقدامات کے لیے احکامات جاری کردیے ہیں۔

اس بارے میں جاری نوٹیفکیشن میں سی اے اے کے شعبہ ایئر سائیڈ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے، جس میں متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہلکے وزن کے طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیں اور رن ویز اور ٹارمک ایریا میں کسی بھی تصادم کا سبب بننے والے آلات کو بھی حساس مقامات سے ہٹا دیا جائے۔

سی اے اے نے بارش کے دوران کیڑے مکوڑوں کے خاتمے کے لیے اسپرے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔

سی اے اے نے اپنے الرٹ میں کہا ہے کہ طیاروں سے پرندوں کو دور رکھنے کے لیے اضافی برڈ شوٹرز تعینات کیے جائیں اور ایئر فیلڈ لائٹنگ پارٹی اس بات کو یقینی بنائے کہ الیکٹریکل کیبل کے جوڑ درست ہیں اور گڑھے ڈھکے ہوئے ہیں۔

بارش کے دوران محفوظ آپریشن کے لیے رن وے کی رگڑ یا بریکنگ ایکشن کا تعین کرنے کے لیے ٹیم کو تیار رکھا جائے اور سیٹلائٹ ایریا کے عقب میں بارش کے پانی کا بہاﺅ ممکن بنایا جائے۔

الرٹ میں متعلقہ حکام کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ رن ویز کے اطراف میں ہر قسم کے گڑھوں کو بھرنے کا کام فوری مکمل کیا جائے اور فالومی وین کو ہنگامی حالات کے دوران مکمل متحرک رکھا جائے۔