فاروق ستار جلد ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان کریں گے

July 01, 2022

فوٹو فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور فاروق ستار کے درمیان معاملات طے پاگئے، سینئر سیاستدان فاروق ستار جلد ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم کیو ایم سربراہ خالد مقبول صدیقی کے درمیان رابطہ ہوا ہے، جس کے دوران خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار کو کل بہادر آباد مرکز آنے کی دعوت دے دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے اتوار کو جنرل ورکرز اجلاس بھی بلالیا، جس میں فاروق ستار کی باقاعدہ شمولیت سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار نے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے، بہادرآباد میں اجلاس کے دوران فاروق ستار کو فون کرکے مرکز آنے کی دعوت دی گئی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رابطہ کمیٹی اجلاس میں ہی جنرل ورکرز اجلاس بھی اتوار کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ این اے 245 ضمنی انتخابات کے لیے ڈاکٹر فاروق ستار نے آزاد امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے جو الیکشن کمیشن نے منظور کرلیے ہیں۔

اس سے قبل کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کی صدارت میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رابطہ کمیٹی نے سندھ میں متنازع اور غیر منصفانہ حلقہ بندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ شہری سندھ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف بھرپورجدوجہد کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ این اے 245 کے ضمنی انتخابات کے لیے ممکنہ لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فاروق ستار و دیگر ارکان کی ایم کیو ایم میں واپسی پر بھی رائے دی گئی۔