بھارتی اداکار جوڑے اور انکی بیٹی کو قتل کی دھمکی دینے والا ملازم گرفتار و رہا

July 02, 2022

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی اداکارہ ماہی وج اور جے بھا نو شالی کو انکی بیٹی سمیت قتل کی دھمکی دینے والے باورچی کو گرفتار کیا گیالیکن بعد میں اسے ضمانت پر رہا بھی کر دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق جوڑے نے گزشتہ روز پولیس میں شکایت درج کروائی تھی کہ ان کے باورچی نے مبینہ طور پر انہیں اور ان کی دو سالہ بیٹی تارا کو قتل کرنے کی دھمکی دی۔اداکارہ ماہی نے اس واقعے کا ذکر ٹوئٹر پرکیا لیکن بعد میں ڈیلیٹ کر دیا۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تین دن قبل ایک باورچی کو رکھا لیکن ہمیں شک ہوا کہ وہ خرچے کے پیسے میں چوری کررہا تھا، جے نے باورچی سے خرچے کے بل کے حوالے سے حساب کرنا چاہا لیکن اس نے پورے مہینے کا خرچہ لینے کا مطالبہ کردیا، جب جے نے اس کی وجہ پوچھی تو باورچی نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے گھر کے باہر 200 افراد کو لے آؤں گا، اس نے نشے میں ہمیں گالیاں دینا شروع کیں جس کے بعد ہم پولیس کے پاس گئے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی پرواہ نہیں کہ مجھے کچھ ہو جائے لیکن میں اپنی بیٹی کے لیے خوفزدہ ہوں۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے باورچی کو گرفتارکیا لیکن بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا۔ماہی نے بتایا کہ جب ہم تھانے گئے تو وہ مجھے فون کرتا رہا،یہاں جو کچھ ہو رہا ہے ،میں اس سے بہت خوفزدہ ہوں ۔ کیا ہوگا اگر وہ جیل سے باہر آنے کے بعد لوگوں کو لائے اور ہمیں نشانہ بنائے؟واضح رہے کہ ماہی اور جے دونوں بھارتی ٹیلی ویژن کے مشہور اداکار ہیں، دونوں نے کچھ سال ساتھ رہنے کے بعد2011میں شادی کی جبکہ 2019میں جوڑے کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی۔