مجھے شرمندگی محسوس ہوئی فرینڈز میں مکمل کاسٹ سفید فام تھی، مارٹا کافمین

July 02, 2022

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)مشہور زمانہ امریکی سٹ کام سیریز ’فرینڈز‘ کی شریک تخلیق کار مارٹا کافمین نے سیریز میں متنوع کردار نہ دکھانے پر حال ہی میں شرمندگی کا اظہار کیا ہے۔ ’فرینڈز‘ دراصل 1994 سے 2004تک امریکی ٹی وی پر نشر ہونے والی مشہور سیریز ہے جس نے مزاح کے حوالے سے دنیا بھر میں خصوصی شہرت حاصل کی تھی۔’فرینڈز‘ سیریز میں جینیفر اینسٹن، کورٹنی کوکس، لیزا کوڈرو، ڈیوڈ شیویمر، میٹ لیبلانک اور میتھیو پیری سمیت 6 مرکزی اداکار تھے۔مارٹا کافمین نے شو میں متنوع کردار نہ دکھانے پر معذرت اور ازالے کے طور پر برینڈیز یونیورسٹی کے افریقی اور امریکن اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کو 40 لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا عہد کیا ہے۔ڈیوڈ کرین کے ہمراہ ہِٹ سیریز بنانے والی 65 سالہ شریک تخلیق کار نے کہا ’مجھے شرمندگی محسوس ہوئی کہ فرینڈز میں مکمل کاسٹ سفید فام تھی‘۔انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ 20 سال میں بہت کچھ سیکھا ہے، جرم کو تسلیم کرنا اور قبول کرنا آسان نہیں ہے، اپنے آپ کو آئینے میں دیکھنا تکلیف دہ ہے، میں شرمندہ ہوں کہ میں 25 سال پہلے ان پہلوؤں سے ناواقف تھی۔مارٹا کافمین نے کہا کہ وہ سیریز میں متنوع کردار نے دکھانے پر مداحوں کی جانب سے تنقید کو سمجھ نہیں پاتی تھیں لیکن اب انہیں اس کا اندازہ ہے۔انہوں نے ذکر کیا کہ تنوع کے بارے میں ان کا نقطہ نظر 2020 میں پولیس کے ہاتھوں جارج فلائیڈ کے قتل کو دیکھنے کے بعد بدل گیا، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں ’بلیک لائیوز میٹر‘ مہم چلی۔انہوں نے بتایا کہ ’یہی وہ لمحہ تھا جب میں نے ان طریقوں کا جائزہ لینا شروع کیا جن کا میں خود حصہ رہی، میں جان گئی کہ مجھے اس بگاڑ کو بتدریج درست کرنے کی ضرورت ہے‘۔