معاشی استحکام اور تحریک امدادِ باہمی

July 02, 2022

انٹرنیشنل کوآپریٹو الائنس"ICA" عہدِ حاضر کی مختلف النوع تنظیموں میں سے ایک تنظیم ہے، جس کا قیام اگست 1895ء کو عمل میں آیا۔ قیام کے وقت جو قواعد و ضوابط مرتب کئے گئے اس میں اس بات کا خیال رکھا گیا کہ الائنس ایک ایسا معاشرہ قائم کرے گا جس کا مقصد بنی نوع انسان کی فلاح و بہبود ہو گا جس کی بنیاد باہمی تعاون سے اپنی مدد آپ پر ہو گی ۔ نیز الائنس کے بانی ممبران نے اس بات کا بطور خاص عہد کیا کہ وہ دنیا میں پائیدار امن و سلامتی کے لیے اپنی پوری کوشش جاری رکھیں گے ۔ تحریکِ امداد باہمی کا عوام سے مسلسل رابطہ رکھنے کی غرض سے آئی سی اے نے 1920ء میں یہ فیصلہ کیا کہ عالمی سطح پر ’’یوم امداد باہمی‘‘ منانے کا اہتمام کیا جائے کیونکہ پہلی عالمی جنگ کی وجہ سے اس تحریک کے مقصد کو بھی کافی نقصان پہنچا ۔ آئی سی اے بین الاقوامی طور پر اتحاد کی متلاشی تھی ۔ یوم امدادباہمی منانے کا بنیادی مقصد بھی یہی تھا کہ دنیا بھر کے تمام کوآپریٹران ہر سال اپنے اس پختہ یقین اورارادے کا اظہار کریں کہ وہ انسانیت کی بقا کیلئے کوشاں رہیں گے ، چنانچہ وہ اپنے اس عظیم مقصد کی خاطر اظہار یکجہتی اور تجدید عہد کے طور پر ’’کوآپریٹوڈے‘‘ مناتی ہے اور ہر سال نئے مسئلہ پر کوآپریٹران کو آگاہ کرتی رہتی ہے ۔ تاکہ وہ مل کران مسائل کا حل سوچیں۔

دنیا بھر کے کوآپریٹو ادارے 2جولائی 2022ء کو کوآپریٹو کا 100واں بین الاقوامی دن (Coops Day)منا رہے ہیں۔اس سال Coops Dayکا نعرہ: ’’کوآپریٹو زایک بہتر دنیا کی تعمیر کرتے ہیں ‘‘(Cooperatives Build a Better World) ہے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے پیغام میں کہا کہ اعتماد کی بحالی اور امید کی کرن کو اُجاگر کرنے کے لیے ہمیں تعاون اور افہام و تفہیم کی ضرورت ہے۔ تقریباََ دو صدیوں سے کوآپریٹرز اس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ دسمبر 2021ء میں بین الاقوامی کوآپریٹو الائنس کے زیر اہتمام منعقدہ 33ویں عالمی کوآپریٹو کانگریس میں کوآپریٹو ز کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے بطور خاص اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ کس طرح کوآپریٹرز کی مشترکہ کاوشیں دنیا کے مسائل سے نمٹنےکے لیے لوگوں کو متحرک کر رہی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آئی سی اے نے کہا کہ’’ ICAدنیا بھر کے کوآپریٹرز کو اس بات کو پھیلانے کیلئے مدعو کرتا ہے کہ ہمارا انسان پسند کاروباری ماڈل کس طرح اپنی مدد آپ ، خود ذمہ داری ، جمہوریت ، مساوات، غیر جانبداری، یکجہتی، ایمانداری، کھلے پن، سماجی ذمہ داری اور دوسروں کی دیکھ بھال کی اخلاقی اقدار سے متاثر ہو کر ایک بہتر دنیا کی تعمیر کر رہا ہے۔

پوری دنیا میں کام کرتے ہوئے معیشت کے بہت سے مختلف شعبوں میں کوآپریٹرزنے خود کو اوسط سے زیادہ بحرانوں کی صورت میں اپنے آپ کو زیادہ لچکدار ثابت کیا ہے۔ کوآپریٹوز کے ادارے اقتصادی شراکت کو فروغ دیتے ہیں، ماحولیاتی انحطاط اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف لڑتے ہیں، اچھی ملازمتیں پیدا کرتے ہیں، غذائی تحفظ میں حصہ ڈالتے ہیں، مالیاتی سرمائے کو مقامی کمیونٹیز تک محدود رکھتے ہیں، اخلاقی اقدار کی زنجیریں بناتے ہیں اور لوگوں کے معاشی حالات اور سلامتی کو بہتر بنا کر مثبت کردار ادا کر کے اس میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ کوآپریٹو واحد انٹر پرائزماڈل ہے جس میں عالمی سطح پر متفقہ اصول ہیں جو مشترکہ اخلاقی اقدار کی بنیاد پر قائم ہیں۔( ICA) دنیا بھر کے کوآپریٹرز اور شراکت داروں سے اپیل کرتا ہے کہ 2جولائی کو Coops Dayمنانے کیلئے میدانِ عمل میں آئیں اور دنیا کو یہ دکھائیں کہ کوآپریٹرز کس طرح ایک بہتر دنیا کی تعمیر کرتے ہیں۔ کوآپریٹوز کا عالمی دن 1923ء سے دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔ CoopsDayکا مقصد کوآپریٹو کے بارے میں بیداری کو بڑھانا اور بین الاقوامی یکجہتی، اقتصادی کارکردگی، مساوات اور عالمی امن کی تحریک کے نظریات کو فروغ دینا ہے۔ 1995سے ICAاور اقوام متحدہ نے کوآپریٹو کے فروغ اور ترقی کی کمیٹی (COPAC)کے ذریعے مشترکہ طور پر Coops Dayکا مرکزی خیال ترتیب دیا ہے۔ Coops Dayکے ذریعے مقامی اور عالمی پالیسی ساز، سول سوسائٹی کی تنظیمیں اور عام طور پر عوام بطور خاص کوآپریٹوز کے محفوظ مستقبل میں حصہ داری کے بارے میں جان سکتے ہیں‘‘۔

عالمی سطح پر یہ دن منانا اسلئے بھی شروع کیا گیا کہ بنی نوع انسان کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے بین الاقوامی تحریک سے وابستہ اقوام اپنی کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو پختہ یقین اور مکمل اعتماد سے اپنے امداد باہمی کے اداروں کو محنت ، دیانت اور لگن سے زیادہ سے زیادہ موثر اور فعال بنائیں۔ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم سچائی دیانتداری اور بے لوث خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر خلوصِ دل سے تحریکِ امداد باہمی کو پاکستان میں زیادہ فعال اور موثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ اللّٰہ کرے پاکستان میں تحریک امداد باہمی کو زیادہ سے زیادہ فروغ حاصل ہواور ہمارا ملک تمام بحرانوں سے نکل کر معاشی طور پر ایک مضبوط پاکستان کی شکل اختیار کر لے ۔ اللّٰہ تعالیٰ اس مقصد کے حصول میں ہماری مدد فرمائے۔آمین!

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس

ایپ رائےدیں00923004647998)