بلوچستان بلدیاتی انتخابات: 8 اضلاع کی 13 یوسیز، وارڈز میں ری پولنگ جاری

July 02, 2022

فائل فوٹو

بلوچستان کے 8 اضلاع کی 13 یوسیز اور وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ری پولنگ کا عمل جاری ہے، ان اضلاع میں 29 مئی کو پولنگ مکمل نہیں ہوئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 29 مئی کو بلوچستان کے 8 اضلاع میں جھگڑے، بیلٹ پیپرز کی غلط چھپائی اور دیگر وجوہات پر الیکشن ملتوی ہوا تھا، ان میں ضلع دکی، قلعہ عبداللّٰہ، زیارت، لورالائی، ضلع پنجگور، سبی، نوشکی اور کیچ کے یوسیز اور وارڈز شامل ہیں۔

ریٹرننگ افسر ( آر او) کے مطابق میونسپل کمیٹی قلعہ عبداللّٰہ کی وارڈ نمبر7 میں پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے، یہاں ووٹرز کیلئے 2 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں اور دونوں پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

آر او کا کہنا ہے کہ وارڈ نمبر 7 میں 1646 ووٹرز میں 1061 مرد اور 585 خواتین ووٹرز ہیں۔

نوشکی کے بلدیاتی انتخابات میں یو سی8 کے وارڈ نمبر 7 میں پولنگ کاعمل جاری ہے، یہاں ووٹرز کی تعداد 528 ہے جن میں سے 295 مرد اور 233 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

نوشکی میں ری پولنگ کےموقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، یہاں 2 امیدواروں میں مقابلہ ہے، علاقے میں 29 مئی کو پولنگ امیدوار کو غلط نشان الاٹ ہونے پر ملتوی کی گئی تھی۔

لورالائی کی میونسپل کمیٹی کے 2 وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لئے ری پولنگ کا عمل آج جاری ہے، وارڈ نمبر4 اور 5 میں کُل ووٹرز کی تعداد 817 ہے، یہاں 29 مئی کو لڑائی جھگڑے پر پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔