ٹرین زیادتی کیس، تینوں ملزمان کیخلاف چالان منظور

July 02, 2022

فائل فوٹو

بہاؤالدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کیس میںعدالت نے تینوں ملزمان کے خلاف کیس کا چالان منظور کر لیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میںبہاؤالدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کیس پر سماعت ہوئی، اس دوران عدالت میں ملزمان کے خلاف چالان پیش کیا گیا۔

چالان کے متن کے مطابق 27 مئی کو ٹرین ملتان سے واپس کراچی آ رہی تھی، ٹکٹ چیکر زاہد خاتون کو اکانومی سے اے کلاس انچارج عاقب کے پاس لے کر گیا، ٹکٹ چیکر نے خاتون سے کہا کہ اے کلاس کا کرایہ زیادہ ہے مزید پیسے دیں۔

متن کے مطابق متاثرہ خاتون نے اکانومی کلاس میں واپس جانے کا کہا تو ملزم مشتعل ہوگیا، ملزم زاہد نے خاتون کو تھپڑ مارے اور زیادتی کا نشانہ بنایا، اس کے بعد ملزم عاقب نے بھی متاثرہ خاتون سے زیادتی کی۔

تیسرے ملزم اسسٹنٹ ٹرین منیجر زوہیب نے خاتون کو چلتی ٹرین میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ گرفتار تین ملزمان کا ڈی این اے متاثرہ خاتون سے میچ کر گیا ہے، ملزمان کے خلاف ریلوے کراچی سٹی تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔