فرانس میں پی ٹی آئی ویمن ونگ پھر سے فعال

July 03, 2022

پاکستان تحریک انصاف کا ویمن ونگ فرانس، سینئر خاتون رہنما و سرپرست اعلیٰ فرانس محترمہ شاہ بانو میر شاہ نواز کی صدارت میں منعقد اجلاس سے دوبارہ فعال ہو گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف فرانس کے جنرل سیکریٹری چوہدری افضال گوندل کی کوشش اور کاوشوں سے منعقدہ اجلاس میں خواتین نے بھرپور شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں پی ٹی آئی ویمن ونگ کی سرپرست اعلیٰ فرانس محترمہ شاہ بانو میر نے اور پی ٹی آئی فرانس کے سیکرٹری جنرل چوہدری افضال احمد گوندل کی کوشش کو سراہا اورایجنڈے سے آگاہ کیا۔

محترمہ حلیمہ طارق سمیتا اور اجلاس میں آنے والی دیگر خواتین نائلہ رانا، محترمہ فردوس میر، محترمہ نورین عمر، محترمہ ثمینہ راجہ، محترمہ شبانہ چوہدری، محترمہ طاہرہ شہناز، محترمہ شاہدہ بٹ، میس ارزیا ادریس، محترمہ نوشابہ فریدین اور محترمہ ساجدہ طارق نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے دورِ حکومت کے 3 سالوں میں ہمارے ملک کے لیے جو اہم کام کیے ان میں سب سے اہم اوورسیز کی جائیداد سے متعلق قانون سازی، صحت کارڈ جیسی سہولت جو کہ ابھی تک مغرب کے بھی تمام ممالک میں میسر نہیں ہے اور اسلام فوبیا کے قانون کو عالمی سطح پر پاس کر وانا ہے۔

خواتین نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ زیادہ تر گھریلو خواتین ہیں اور پہلی مرتبہ اپنے گھروں سے اپنے ملک کی خاطر باہر نکلی ہیں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اجلاس میں آنے سے پہلے وہ اتنی پُریقین نہ تھیں کہ یہاں انہیں گھروں میں رہنے والی اپنے جیسی اور خواتین ملیں گی لیکن ویمن ونگ کے پہلے اجلاس میں ہی خواتین کی بھاری اکثریت کی شرکت سے ان کا حوصلہ اور بڑھا ہے اور وہ آگے بھی اپنے ملک اور اپنے لیڈر عمران خان کی خاطر پی ٹی آئی ویمن ونگ میں شرکت کریں گی۔

ویمن ونگ کی تمام خواتین ممبران نے اپنی اپنی پیڈ ممبر شپ حاصل کی ہے اور مزید خواتین نے ممبر شپ کروانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، سب خواتین نے وعدہ کیا ہے کہ پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ خواتین کو پیڈ ممبر شپ میں لانا ہوگا، سب نے یہ عہد کیا ہے کہ انشاءاللّٰہ بہت جلد کثیر تعداد میں پی ٹی آئی فرانس کی ویمن ونگ میں عورتیں شامل ہوں گی۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فرانس افضال احمد گوندل نے یہ یقین دلایا ہے کہ آپ سب خواتین ہماری بہادر مائیں، ہہنیں ہیں، آپ کا احترام ہمارا فرض ہے، فرانس کی ویمن ونگ کو الگ سے اختیار ہے کہ وہ اپنا الگ اجلاس کریں جس میں مرد شامل نہیں ہوں گے، آنے والے وقت میں فرانس میں مثالی ویمن ونگ نظر آئے گی۔

آخر میں پی ٹی آئی فرانس کی ویمن سیکرٹری انعم کنول نے سب خواتین کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کا خیال رکھا ہے، اب وقت ہے کہ ہم سب آگے ہوکر اپنے حقوق کی حفاظت کے لیے ان کا ساتھ دیں اور آگے بھی پی ٹی آئی کی طاقت کو اور مضبوط بنائیں۔