ایاز صادق نے عمران خان پر کشمیر سے متعلق معاہدے کا الزام لگادیا

July 03, 2022

وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے سابق وزیراعظم عمران خان پر ڈونلڈ ٹرمپ سے کشمیر سے متعلق معاہدہ کرنے کا الزام لگادیا۔

لاہور میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان، اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بیٹھ کر کشمیر پر معاہدہ کر کے آیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہی شخص ہے جو کہتا تھا بھارت میں نریندر مودی الیکشن جیت جائے تو حالات بہتر ہوجائیں گے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے کی خواہش رکھنے والوں کا راستہ روکیں گے، عمران خان نے ملک کے خلاف باتیں کیں، یہ کیس سپریم کورٹ میں لے کر جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی وجہ سے تمام ممالک ناراض ہوئے، سابق حکومت نے سستی گیس کے معاہدے نہ کر کے ملک کا نقصان کیا۔

سردار ایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ سے متعلق ریفرنس اسپیکر کے پاس جمع ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی 30 دن میں اس پر فیصلہ دیں گے، اس کے بعد یہ ریفرنس الیکشن کمیشن میں جائے گا۔