سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ

July 04, 2022

بجلی، گیس، پٹرول اور اشیائے خور و نوش سمیت تمام بنیادی ضروریات زندگی کی روز افزوں مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقوں کی بلاشبہ کمر توڑ دی ہے۔ان حالات میں حکومت نے گریڈ ایک سے22 یا مساوی،سول اور فوجی تمام سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 48 فیصد اور سابق ملازمین کی پنشن میں 15 فیصد اضافے کا فیصلہ کرکے یقینا ایک مستحسن قدم اٹھایا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 6 جون 2022 کو سروس میں موجود ملازمین کی بنیادی تنخواہ بی پی ایس-2022پوائنٹ ٹو پوائنٹ کی بنیاد پر یعنی بی پی ایس-2017سے زیادہ اسکیل کے ملازم کے مطابق مقرر کی جائے گی۔وزارت خزانہ کی جانب سے اعلان کردہ بی پی ایس چارٹ کے مطابق نظرثانی کے نتیجے میں گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔وزارت نے یکم اپریل 2022 کو منظور شدہ 10 فیصد پنشن سمیت 15 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا، پنشن میں 15 فیصد اضافہ ان پنشنرز کیلئے بھی ہوگا جو یکم جولائی 2022کویا اس کے بعد ریٹائر ہوں گے۔سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اچھا فیصلہ ہے تاہم نجی اداروں اور اپنے کاروبار کرنے والے غریب عوام کی خبر گیری بھی حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ بھی اسی ملک کے شہری ہیں اور تعداد میں سرکاری ملازمین سے کہیں زیادہ ہیں۔ ان کیلئے اپنے گھر والوں کو دو وقت کی روٹی فراہم کرنا روز بروز دشوار تر ہوتا جا رہا ہے۔ حالات کا تقاضا ہے کہ حکومت ان کی آمدنیوں میں اضافے کے لیے بھی اقدامات کرے نیز خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والے تمام افراد کو بھی آسودگی فراہم کرنے کی تدابیر عمل میں لائی جائیں بصورت دیگر خدشہ ہے کہ لوگ فاقہ کشی اورخود کشیوں پرمجبور نہ ہوجائیں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998