پاکستانی فلمساز محمد علی نقوی آسکر ایوارڈز کا جج بننے کے لیے مدعو

July 05, 2022

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)فلم سازی میں متعدد ایوارڈز اپنے نام کرنے والے پاکستانی فلمساز محمد علی نقوی کو دستاویزی فلموں کی کیٹیگری میں آسکر ایوارڈز کا جج بننے کے لیے مدعو کرلیا گیا ۔مجموعی طور پر 397 اراکین کو مختلف کیٹیگریز میں مدعو کیا گیا ہے جو آسکر کی نامزدگیوں اور فاتحین کے لیے ووٹ دیں گے۔محمد علی نقوی پہلے ہی ٹیلی ویژن اکیڈمی (ایمیز) اور انٹرنیشنل ڈاکیومینٹری ایسوسی ایشن ( آئی ڈی اے) کے رکن ہیں۔محمد علی نقوی نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بتاتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہے کہ میں اب دی اکیڈمی کا رکن ہوں اور مجھے اکیڈمی آف موشن پکچرز میں شامل کرلیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور مجھے پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے، میں اپنا پہلا ووٹ ڈالنے کا منتظر ہوں‘۔2 ایمنسٹی انٹرنیشنل ہیومن رائٹس ایوارڈز اور اقوام متحدہ کے ایسوسی ایشن فیسٹیول میں ’گرینڈ پرکس‘ حاصل کرنے والے محمد علی نقوی نے نیٹ فلکس کی 10سرفہرست دستاویزی سیریز میں شامل ’ٹرننگ پوائنٹ: 11/9‘ اور ’وار آن ٹیرر‘ کے شریک ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے ’شو ٹائم اوریجنل شیم‘ کی ہدایت کاری اور پروڈیوس کرنے پر ’اناگرل ٹیلی ویژن اکیڈمی‘ اعزاز حاصل کیا۔ان کی ڈاکیومینٹری ’امنگ دی بلویز‘ کو ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا جاچکا ہے اور ان کی فلم ’دی اکیوزڈ: ڈیمنڈ اور ڈیووٹڈ‘ ایشین میڈیا ایوارڈ حاصل کرچکی ہے۔محمد علی نقوی ’مختاراں مائی ویمنز ویلفیئر آرگنائزیشن‘ کے بورڈ میں بھی شامل ہیں اور ان کی فلم ’پاکستان ہِڈن شیم‘ سے متاثر ہوکر سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں بے گھر بچوں کے لیے پناہ گاہ کا اجرا کیا۔