سوشل میڈیا میٹرکس

July 25, 2022

آج کی ڈیجیٹل، آن لائن اور ورچوئل دنیا میں سوشل میڈیا لوگوںسے فوری رابطے کا نیا پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام، لنکڈ اِن، پن ٹریسٹ، یو ٹیوب اورواٹس ایپ جیسے سماجی ابلاغ کے بڑھتے استعمال اور صارفین کی سوچ و ادراک کا جائزہ لیتے ہوئے مصنوعات و خدمات کی مارکیٹنگ اور کاروباری حکمت عملی جوڑنے کی نئی سائنس ’’سوشل میڈیا میٹرکس ‘‘کے نام سے متعارف ہوچکی ہے،جس کے تحت کوئی بھی ’’سوشل آپٹمائزیشن منیجر‘‘ اس بات کا جائزہ لیتا ہے کہ لوگ کیا چاہتے ہیں۔

کاروبار کی وسعت اورخود کفیل،صاحبِ حیثیت صارفین کو تلاش کرنے کے لیے ’’سوشل میڈیا ہاٹ ٹرینڈز‘‘ کا باقاعدگی سے تجزیہ کیا جاتا ہے۔ ٹوئٹر نے تو سوشل ٹرینڈز کے نام سے الگ باکس متعارف کرواکر کاروباری لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔ ہمارے ہاں لوگوں کا پسندیدہ سوشل میڈیا عمومی طور پر ٹوئٹر اور انسٹا گرام ہے،جب کہ کافی تعداد فیس بک اور یو ٹیوب پر بھی موجود ہے۔

اس ضمن میں کسی بھی کمپنی کے لیے اسمارٹ انسائٹس ویب شاندار کاروباری حکمت عملیوں سے روشناس کراسکتی ہے، جہاں کاروبار میں حکمت عملی کے کردار سے لےکر مذکورہ بالا اہم سوشل میڈیاز سے اپنے مطلب کے لوگوں اور معلومات کو تلاش کرنا بہت آسان ہے۔ یہ سائٹ کسی بھی کمپنی بالخصوص اسٹارٹ اَپس کے لیے بہترین ابتدا ہوسکتی ہے۔

سوشل میڈیا میٹرکس کیسے کام کرتی ہے؟

اگر آپ کی کمپنی باضابطہ طور پر سوشل میڈیا میں حصہ لے رہی ہے۔ آپ نے ایک ٹویٹر اکاؤنٹ، فیس بک کا صفحہ، یہاں تک کہ چند پن ٹریسٹ بورڈز بھی ترتیب دے دیے ہیں۔ آپ کسٹمرز کے سوالات کا جواب دیتے ہیں، مداحوں کو فالو کرتے ہیں، اہم چیزیں پوسٹ کرتے ہیں اور لوگوں کے تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس سے آگے، آپ ان سماجی تعاملات کو ٹریک اور مانیٹر کرنے کے لیے کیا کر رہے ہیں؟ اگر آپ سوشل میڈیا میں مشغول ہیں، تو آپ کو ان سرگرمیوں کی پیمائش کرنی چاہیے۔ آپ کو کیسے پتہ چلے گا کہ آپ کیسے کر رہے ہیں؟ اچھی بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا کی کوششوں کی پیمائش کرنا آپ کے خیال سے کہیں زیادہ آسان ہے۔

درحقیقت سوشل میڈیا میٹرکس ڈیٹا پوائنٹس ہیں جو آپ کو دکھاتے ہیں کہ آپ کی سوشل میڈیا حکمت عملی کتنی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ آپ کو ہر چیز کو سمجھنے میں مدد کرنا کہ کتنے لوگ آپ کا مواد دیکھتے ہیں سے لے کر سوشل میڈیا سے آپ کتنے پیسے کماتے ہیں، کمپنی کی بہتری اور ترقی کے لیے میٹرکس بلڈنگ بلاکس کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر آپ کی کمپنی نے آپ پر یہ ذمہ داری عائد کی ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اکاؤنٹس کا جائزہ لیں تو آپ کوپانچ بنیادی باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے کام کا آغاز کرنا ہوگا:

1- مصنوعات وخدمات کا دائرہ اور سائز (Volume)

2- صارفین کی تعداد تک رسائی اور پہنچ (Reach)

3- سوشل میڈیا پر موجود خواتین و حضرات سےگفت و شنید اور آراء میں شمولیت (Engagement)

4- کون سی مصنوعات و خدمات عوام پسند کرتے ہیں؟اثر پذیر مصنوعات و خدمات (Influence)

5- مسابقتی کمپنیوں سے مصنوعات کی خوبیوں،خامیوں پر تبادلہ خیال (Share of voice metric)

مصنوعات وخدمات کا سائز

سب سے آسان اورسود مند ابتدا مصنوعات کے دائرے اور حجم کے بارے میں لوگوں سے گفتگو ہے۔ یہاں آپ دیکھیں گے کہ لوگوں کو چیزوں اور خدمات کے حصول سے محبت و نفرت سے بالاتر ہوکر عام رائے دینے کی عادت ہوتی ہے۔ یہیں سے ان کے مزاج کا پتہ چلتا ہے کہ لوگ کن چیزوں کو چاہتے ہیں۔ کون سی بات ان کے لیے مشکوک ہے۔ ہر قسم کی مصنوعات یا خدمت کے لیے اپنی مرضی کو ترجیح دیتے ہیں۔

اس لیے موجودہ دور میں ایسا کوئی بھی سیلز مین یا کمپنی کا اسپوک پرسن کامیاب نہیں ہوتا جو لوگوںکے پیچھے پڑ جائے۔پہلے لوگوں سے رابطہ قائم کرنا پڑتا ہے۔ انھیں چیزوں کے فوائد کو اس انداز سے بتانا پڑتا ہے کہ مقابل خاتون یا مرد کو یہ نہ لگے کہ آپ کو چیزیں بیچنے کے فریضے پر مامور کیا گیا ہے۔ دوست بنائیں،چیزوں کی اہمیت بتائیں اور خریدار پر چھوڑ دیں کہ وہ آپ کی مصنوعات خریدتا ہے یا نہیں۔ اس میں کمال تحمل و برداشت لازم ہے۔ آپ کی پروڈکٹ فائل پر کتنے لائیک ہیں؟

کتنے دوستوں اور دوستوں کے دوستوں نے پسندیدگی کا اظہار کیا ہے؟ کتنے لوگوں نے اس پر آپ سے گفتگو کی ہے؟ ہفتہ وار کتنے لوگ آپ سے رابطے میں آئے ہیں؟ ان اعداد و شمار کا جائزہ لےکر ان خواتین و حضرات سے رابطہ کریں، جو آپ کی مصنوعات اور خدمات پر توجہ اور انھیں دوسروںپر فوقیت دیتے ہیں۔ دھیان یا توجہ نہ دینے والے لوگوں پر وقت ضائع نہ کریں، اس کی بجائے ان لوگوں کے ایسے ہمنوا دوستوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات کی طرف مائل کریں،جن کی بات یہ دوست مانتے ہیں۔

صارفین تک رسائی اور پہنچ

یہاں آپ کا مرکز وہ صارفین ہیں، جنھوں نے آپ سے رابطہ کیا۔ یہ آپ کے کاروبار کی ترقی کے لیے ایک مثبت پہلو ہے۔ رسائی سے مراد ان لوگوں کی کُل تعداد ہے، جنھوں نے آپ کا اشتہار یا مواد دیکھا ہے۔ اگر 100لوگوں نے آپ کا اشتہار دیکھا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کے اشتہار کی پہنچ 100 ہے۔ یہ مرحلہ کمپنی کی پروڈکٹ رینج سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ متعدد سوشل میڈیا میٹرکس میں سے ایک ہے، جو مخصوص قسم کے ڈیٹا ہیں جو یہ ظاہر کرتے ہیں کہ صارفین سوشل میڈیا پر مواد کو کس طرح دیکھتے اور اس کے ساتھ تعامل کرتے ہیں۔

کمپنیاںسوشل میڈیا میٹرکس جیسی مہمات کی منصوبہ بندی اور تشخیص کے مراحل کے دوران رسائی کی پیمائش کرسکتی ہیں تاکہ یہ سمجھا جاسکے کہ ان کا مواد کس تک پہنچ رہا ہے اور آیا یہ مؤثر بھی ہے کہ نہیں۔ کچھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز براہ راست آپ کو آپ کی پہنچ بتاتے ہیں کہ کتنے صارفین نے انفرادی پوسٹ کو دیکھا۔ کمپنیاں ان نمبرز کو اپنے پورے سامعین کے تناظر میں ڈالنے کے لیے فیصد کا حساب لگا سکتی ہیں۔

سوشل میڈیاپر لوگوں سے گفت و شنید

اس مرحلے پر آپ کو اپنے سماجی دوستوں سے مصنوعات اور خدمات کے بارے میں سوالنامہ مرتب کرنا ہوگا۔ اپنے دوستوں سے معلوم کرنا ہوگا کہ وہ آپ کی کون سی مصنوعات یا خدمات استعمال کرتے ہیں۔ اس سوالنامے کی روشنی میں اپنی مصنوعات کی خامیوں کو دور کرکے انھیں عوامی معیار کے مطابق بنانے کی کوشش کرنی ہوگی۔ ایسے شراکت داروں کے پروفائلز کی دل میں جگہ بناتے ہوئےان سے ہر ہفتے اچھوتا رابطہ ضروری ہے۔ یہ آپ کے تعلقاتِ عامہ کی آزمائش ہے کہ آپ کتنے احباب کو اپنی خدمات کے دائرے میں لاتے ہیں۔

اثر پذیر مصنوعات و خدمات

مصنوعات و خدمات کی کامیابی کا یہ اہم پیمانہ ہے کہ لوگ کیا چاہتے ہیں۔ عالمی مارکیٹ کے صارفین کی ضروریات مختلف ہوتی ہیں،اس لیے اپنی نہ کہیں کچھ لوگوں کی بھی سنیں کہ کون سی مصنوعات و خدمات اثر پذیر ہیں اور ان کےہر دلعزیز ہونے کا راز کیا ہے؟

یہاں کسی سائنس داں کی طرح ان اسباب کو جاننا ہوگا، جو کمپنی کی مارکیٹ ساکھ کو متاثر کرتے ہیں۔ وہ کمپنیاں جو معیار اور بروقت مصنوعات و خدمات کی فراہمی پر سمجھوتہ نہیں کرتیں، وہ ترقی کی منازل طے کرتی چلی جاتی ہیں۔ مصنوعات کا بر وقت مارکیٹ میں آنا، بروقت آگہی اور معیار وہ نکات ہیں، جنہیں کوئی بھی ملٹی نیشنل کارپوریشن لمحہ بھر فراموش نہیں کرتی۔

مسابقتی کمپنیوں سے مصنوعات کی خوبیوں،خامیوں پر تبادلہ خیال

مسابقتی کمپنیوں سے مصنوعات کی خوبیوں، خامیوں پر تبادلہ خیال (Share of voice metric) ایک مارکیٹنگ میٹرک ہے، جو کمپنی کو اپنے حریفوں کے خلاف مختلف مارکیٹنگ چینلز پر برانڈ اوئیرنیس کا موازنہ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ آپ اس میٹرک کو اس بات کی پیمائش کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں کہ آپ کے اشتہارات، سوشل میڈیا کا تذکرہ یا یہاں تک کہ ویب سائٹ کی ٹریفک مقابلے میں کتنی اچھی ہے۔

مؤثر سوشل میڈیا پیمائش کے لیے مستقل مزاجی اور تیاری ضروری ہے۔ اپنے پسندیدہ میٹرکس کو چنیں اور ابھی ان کا سراغ لگانا شروع کریں۔ ہر ہفتے یا مہینے ان نمبروں کا حساب لگانے کے لیے وہی فارمولے اور ٹولز استعمال کریں۔

وقت کے ساتھ اپنے نمبروں کو ٹریک کریں اور اس پر توجہ دیں کہ وہ کیسے بدلتے ہیں۔ اگر آپ کو کوئی ایسی چیز نظر آتی ہے جو آپ کی توقع سے زیادہ یا کم نظر آتی ہے تو اس کی چھان بین کریں۔ ان پانچ سوشل میڈیا میٹرکس کی پیمائش کرنے اور ان پر توجہ دینے سے، آپ اپنی سوشل میڈیا سرگرمی کے اثرات اور تاثیر کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے۔