پاکستانی علماء کے وفد کی کابل میں کالعدم ٹی ٹی پی کی قیادت سے ملاقات

July 26, 2022

پاکستان سے افغانستان گئے ہوئے جید علماء کے وفد اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ارکان کے مابین کابل میں اہم ملاقات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے وفد کی قیادت مفتی نور ولی محسود کر رہے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹی ٹی پی وفد نے علماء کو پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات میں حائل رکاوٹوں سے بھی آگاہ کیا۔

اسلام آباد سے گزشتہ روز کابل پہنچنے والے پاکستانی جید علماء کے وفد کی قیادت مفتی تقی عثمانی کر رہے ہیں۔

پاکستانی علماء نے کالعدم ٹی ٹی پی کے تحفظات سنے اور اس سلسلے میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔

پاکستانی علماء کا وفد امارات اسلامیہ کی قیادت سے بھی ملاقات کرے گا۔ امارات اسلامیہ کی دعوت پر ‏پاکستانی جید علماء کا وفد پیر کی شام اسلام آباد سے افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچا۔

وفد میں مفتی تقی عثمانی، مختار الدین شاہ کربوغہ، حنیف جالندھری، مولانا محمد طیب پنج پیر، مولوی انوار الحق، شیخ ادریس اور مفتی غلام الرحمٰن شامل ہیں۔