جیت کے بعد ارشد ندیم کا سجدۂ شکر سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

August 08, 2022

کولاج بشکریہ انسٹاگرام

کامن ویلتھ گیمز 2022ء میں پاکستان کے ارشد ندیم نے جویلین تھرو (نیزہ بازی) میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

نیزہ بازارشد ندیم کی جیت کے مناظر نے جہاں پاکستان کے ہر شہری کو اپنے غم بھلا کر مسکرانے پر مجبور کیا وہیں ارشد ندیم نے بھی جیت کے فوراً بعد خدائے واحد کے سامنے سجدۂ شکر بجا لایا۔

ارشد ندیم کو دنیا بھر سے کروڑوں ناظرین دیکھ رہے تھے جب جیت کی خوشی میں تو انہوں نے سجدہ کیا اور اپنی جیت کا شکر ادا کیا۔

ارشد ندیم کے سجدہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو گئی ہے۔

یہ ویڈیو دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین اُنہیں مبارک باد سمیت اُن کے اس عمل کی تعریف کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز 2022ء میں پاکستان کے ارشد ندیم نے اپنی پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔

جویلین تھرو کے فائنل میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم بھرپور ایکشن میں دکھائی دیے۔

انہوں نے پہلی باری میں ہی 86.81 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔

یہ ارشد ندیم کے کیریئر کی بہترین تھرو تھی، اس سے قبل ارشد ندیم کی بہترین تھرو 86.38 میٹر تھی۔

فائنل میچ میں ارشد ندیم کی دوسری باری ضائع ہو گئی جبکہ اس دوران بھی پاکستانی ایتھلیٹ 86.81 کی تھرو کے ساتھ سرِفہرست رہے۔

ارشد ندیم نے تیسری باری میں اپنا قومی ریکارڈ اور بہتر کرتے ہوئے 88 میٹر کی تھرو کر دی، یہ جویلین تھرو میں کسی بھی پاکستانی کی سب سے بڑی تھرو تھی۔