وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا، پاکستان نے واضح موقف اختیار کیا ہے، کھیل میں سیاست بالکل نہیں ہونی چاہیے، ہمیں بنگلا دیش کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اجلاس میں شریک وزراء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے برادرانہ کردار ادا کیا، میں نے، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے مختلف اوقات میں ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری کوشش ہے ایران کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل ہو، چاہتے ہیں خطے میں منڈلاتے خطرات ختم ہوجائیں، خطے میں دیرپا امن چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قطر، ترکیہ، مصر اور دیگر ممالک نے بھی ایران کے معاملے پر کوششیں کی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان نے دہشت گرد حملہ کیا، ہماری بہادر افواج نے دہشت گردوں کو بھرپور جواب دیا، جوابی کارروائی میں 180 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشتگرد حملے میں 17 جوان اور 31 شہری شہید ہوئے۔ دہشتگردوں نے گوادر میں 5 بچوں اور خواتین کو قتل کیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں دشمن کو شکست سے دو چار کیا، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسان نہیں ہیں، ہمارے شہدا کی قربیانیاں رنگ لائیں گی، دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے، مزدوروں اور بچوں کے قتل پر پوری قوم افسردہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کیساتھ ہے، مشرقی ہمسائے اور خوارج کی تمام سازشیں ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی میرے پاس تشریف لائے تھے، انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔