بھارتی فوج کی جنگی ساز و سامان کی برتری کشمیریوں کے حوصلے کم نہیں کر سکتی، علی رضا سید

August 08, 2022

کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ نواسہ رسولﷺ امام حسینؑ نے عظیم قربانی دے کر انسانی اقدار کی حفاظت کی ہے۔

یوم عاشور پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے عاشور کو حق و صداقت کا پرچم بلند کیا۔ واقعہ کربلا ہمیں انسانی اقدار کے تحفظ اور انسانی حقوق کا خیال رکھنے کا درس دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کربلا ظلم کے خلاف جدوجہد کا نام ہے اور درس حریت ہے۔ آج جموں و کشمیر کے عوام کربلا کے عظیم پیغام سے متاثر ہو کر اپنے وطن کی آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جس پر بھارتی فوج قابض ہے۔

علی رضا سید نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام نے جو 7 عشروں سے بھارتی محاصرے، تشدد، ظلم و ستم اور گرفتاریوں کا سامنا کر رہے ہیں، کربلا کی عظیم قربانی سے درس حاصل کیا ہے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ کربلا ظلم و ستم کے خلاف ایک پائیدار جدوجہد کا پیغام ہے اور یہ معرکہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ جذبہ حریت رکھنے والی تمام انسانیت کے لیے ایک سبق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا نے ثابت کیا ہے کہ سچائی اور حق کی قوتیں ہی باطل کے مقابلے میں ڈٹ سکتی ہیں۔

علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ طویل عرصے لوگ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، حتیٰ کہ طویل عرصے سے مسلمانوں پر محرم الحرام کے جلوسوں اور اجتماعات پر بھی پابندی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تین سال قبل مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر مظالم میں اضافہ کردیا ہے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ آج کشمیری بھی حق پر ہیں اور بھارتی فوج کی جنگی ساز و سامان کی برتری ان کے حوصلے کم نہیں کر سکتی اور نہ ہی انہیں شکست دے سکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سچ کی طاقت بہت مضبوط ہے اور یہ دشمن پر غالب آجاتی ہے۔ کربلا کے میدان میں امام حسینؑ اور ان کے ساتھی تعداد میں دشمن کے مقابلے میں بہت کم تھے اور ان کے پاس جنگی ساز و سامان بھی معمولی تھا لیکن وہ بہادری کے ساتھ یزید کے اس بڑے فوجی لشکر سے لڑے جو اپنے زمانے کے جدید اسلحہ سے لیس تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یزید کا ہزاروں کا لشکر تھا جبکہ امام عالی مقامؑ کے 72 جانثار تھے۔ آخر کار حق کو باطل پر فتح نصیب ہوئی۔ حق و باطل کے مابین جنگ میں حق کی برتری ہمیں قربانی کا درس دیتی ہے۔

علی رضا سید نے کہا کہ ہم کربلا کے اصولوں کو مدنظر رکھ کر باطل کے خلاف نبرد آزما ہو سکتے ہیں۔ ہمیں اس طرح کا حوصلہ اور جذبہ پیدا کرنا ہوگا اور صبر و استقامت سے کام لینا ہوگا۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو کا کہنا تھا کہ بھارت کب تک ظلم و ستم ڈھاتا رہے گا؟ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کو فتح اور آزادی نصیب ہوگی۔