ریکارڈ اور گولڈ میڈل، ارشد ندیم کے کارنامے کی برطانوی میڈیا میں پذیرائی

August 09, 2022

برمنگھم ( نمائندہ خصوصی) جیولن تھرو میں ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم کی کارکردگی کو بر طانوی میڈیا میں پذیرائی ملی، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے ان کی جیت کی خبر کو نمایاں اہمیت دی ۔ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتنے کا سہرا معروف اسکالر مولانا طارق جمیل کے سر باندھتے ہوئے ان کے ساتھ سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تصویر اور پیغام بھی شیئر کیا ہے۔ ارشد ندیم کا اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے روانگی سے قبل ان سے ملاقات کی اور اپنے سفر کا آغاز کیا۔ ان کی دعاؤں کی بدولت پاکستان گولڈ میڈل جیتا۔ ارشد ندیم نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ مولانا طارق جمیل آپ کی محبت اور پیار کا شکریہ۔ دریں اثنا جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم نے کہا ہے کہ قوم کو یوم آزادی کا تحفہ گولڈ میڈل کی شکل میں دیا ہے، انشااللہ ترکیہ میں اسلامک گیمز میں بھی میڈل جیتوں گا۔60سال بعد پاکستان کیلئے کامن ویلتھ گیمزمیں گولڈ میڈل جیتنے پر بہت خوش ہوں، یہ پوری قوم کا میڈل جنہوں نے ٹوکیو اولمپکس، عالمی چیمپئن شپ اور کامن ویلتھ گیمز میں میری جیت کیلئے دعائیں کیں، حکومت کومیڈلسٹ کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دینا چاہئے، ان کی کوچنگ کیلئے خاص انتظامات کئے جائیں ۔ حکومت کو کر کٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دینا چاہئے، ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے، میڈیکل سہولتوں کے حوالے سے ہم بہت پیچھے ہیں، اس مقابلے سے قبل ڈاکٹر اسد عباس اور انگلینڈ کے ڈاکٹر باجوہ نے مجھ پر بہت محنت کی اور مجھے مقابلے میں شرکت کے قابل بنایا، دونوں کا شکر گذار ہوں، مجھے کہنی اور گھٹنے کی انجری تھی۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ، پنجاب اسپورٹس بورڈ کا شکریہ جنہوں نے سہولیات دیں، مجھے انجری بھی تھی اور فینز چاہتے تھے کہ گولڈ میڈل جیتوں، پوری امید کے ساتھ آیا تھا کہ اپنے مداحوں کیلئے گولڈ میڈل جیتوں گا۔ بھارت کے نیرج چوپڑا انجری کی وجہ سے نہیں تھے، اگر وہ ہوتے مقابلے میں تو اور بھی مزہ آتا۔ نیرج چوپڑا بھائی کے لئے دعا ہے کہ فٹ ہوکر ایکشن میں نظر آئیں، ارشد ندیم نے کہا کہ میں حکومت سے کہوں گا کہ ہمیں بین الاقوامی معیار کی سہولیات دی جائیں۔ جنوبی افریقا میں ٹریننگ سے فائدہ ہوا ہے، اب فٹنس میں بہتری لانے کی کوشش کروں گا، کامن ویلتھ گیمز میں تھرو کا ریکارڈ بنانے پر خوش ہوں۔