فیصلہ کر لیا اب لڑوں گا، یہ سیاست نہیں جہاد ہے، عمران خان

August 09, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فیصلہ کرلیا اب لڑوں گا کیونکہ یہ سیاست نہیں جہاد ہے۔

ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ شہباز گل کو گرفتار نہیں اغوا کیا گیا، پوچھتا ہوں کہ کیا ملک میں کسی کو کسی کا خوف نہیں ہے؟

انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے قانون توڑا ہے تو اسے جیل میں ڈالتے، اُس کے ڈرائیور کو مارا گیا اور گاڑی کے شیشے توڑے گئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ اسی طرح 25 مئی کو بھی ظلم کیا گیا، خواتین اور بچوں پر تشدد کیا گیا، یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، گرفتار ہونا چھوٹی چیز ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب معاشرہ ظلم کے آگے جھک جاتا ہے تو تباہ ہوجاتا ہے، غلام نہیں رہ سکتا، مجھے آزادی کی قدر ہے، مجھے کوئی بھی قربانی دینی پڑے، میں تیار ہوں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ بیرونی سازش سے چوروں کو ملک پر مسلط کیا گیا، جمہوریت میں کسی چینل کو بغیر نوٹس بھیجے بند نہیں کیا جاسکتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کے لیے مجھے جان بھی قربان کرنی پڑے تو میں کروں گا، غلاموں کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، آزادی اونچی پرواز دیتی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میں ملک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، آئین اور قانون میں رہتے ہوئے پُرامن جدوجہد کروں گا۔