برطانیہ میں کمسن بچوں کو پولیو بوسٹر ویکسین لگانے کی منصوبہ بندی

August 10, 2022

فائل فوٹو

پولیو کے پھیلاؤ کے خدشات کو مدّ نظر رکھتے ہوئےبرطانیہ کے محکمۂ صحت نے کم سن بچوں کو پولیو کی بوسٹر ویکسین لگانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، برطانیہ کی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے پولیو کی بوسٹر خوراکوں سے متعلق اعلان کل متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی لندن میں بوسٹر خوراکیں لگانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروسز نے ڈاکٹروں کو بھی خبردار کردیا ہے کہ وہ اس حوالے سے ہوشیار رہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ابھی تک کسی مریض میں پولیو کے کیس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، لیکن نکاسی سے جمع کیے گئے پولیو وائرس کے نمونوں کی مقدار سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ایک فرد سے دوسرے فرد کو منتقل ہورہا ہے۔

وائرس کے نمونے ملنے کی وجہ سے برطانیہ کے شہر لندن اور گلاسگو میں مسلسل پولیو نکاسی کو ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔

برطانیہ کی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ 10 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کی بوسٹر ویکسین لگانے کا عمل حفاظتی ہے کیونکہ پولیو خطرناک وائرس ہے، اس لیے وائرس کو ابتداء میں ہی قابو کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ وائرس مرکزی اعصابی نظام پر حملہ آور ہوتا ہے اور انسانی جسم کے ان خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے جو پٹھوں کو قابو کرتے ہیں، نتیجتاً ہاتھ پیر کمزور ہوجاتے ہیں یہاں تک کے فالج بھی ہوسکتا ہے۔