سردیوں کا موسم آتے ہی ہمارے جسم کو سردی سے بچنے کے لیے اضافی توانائی کی ضرورت ہوتی ہے، سرد موسم میں ناصرف ہم زیادہ بیماریاں جیسے نزلہ، زکام اور تھکن کا شکار ہو سکتے ہیں بلکہ خشک ہوا اور گھر کے ہیٹنگ سسٹم کی وجہ سے مدافعتی نظام بھی کمزور ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سردیوں میں غذا کا انتخاب ناصرف جسم کو گرم رکھنے کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ قوت مدافعت کو مضبوط بنانے اور بیماریوں سے بچاؤ میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے، مندرجہ ذیل غذائیں سردیوں میں خاص طور پر فائدہ مند ہیں۔
1- سِٹرَس اور وٹامن سی سے بھرپور پھل
مالٹے، لیموں اور امرود جیسے پھل وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، وٹامن سی سفید خون کے خلیات کی پیداوار اور فعالیت کو بہتر بناتا ہے، جو وائرس اور انفیکشنز کے خلاف جسم کا پہلا دفاعی ہتھیار ہیں۔
2- پتے دار اور سردیوں کی سبزیاں
پالک، میتھی، سرسوں کے پتے اور دیگر سردیوں کی سبزیاں وٹامن اے، سی، کے، فولک ایسڈ، آئرن، فائبر اور اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور ہوتی ہیں، یہ غذائیں مدافعتی خلیات کی پیداوار بڑھانے، آنتوں کی صحت بہتر بنانے اور خلیات کو نقصان سے بچانے میں مددگار ہیں۔
3- جڑ والی سبزیاں اور بیٹا کیروٹین سے بھرپور غذائیں
شکر قندی، گاجر، چقندر اور دیگر جڑ والی سبزیاں وٹامن اے کا ذریعہ ہیں، جو جلد اور جھلیوں کی صحت کے لیے اہم ہیں، یہ جسم کو اندر سے گرم رکھنے، فائبر اور معدنیات فراہم کرنے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مددگار ہیں۔
4- میوہ جات، بیج اور صحت مند چکنائیاں
بادام، اخروٹ، سورج مکھی کے بیج اور فلیکس سیڈز میں وٹامن ای، معدنیات جیسے زنک، سیلینیم اور اینٹی آکسیڈینٹس ہوتے ہیں جو مدافعتی نظام کو مضبوط رکھتے ہیں، وٹامن ای خلیات کو نقصان سے بچاتا ہے جبکہ معدنیات مدافعتی خلیات کی فعالیت کو بہتر بناتی ہیں۔
5. گرم مصالحہ جات اور اینٹی انفلیمٹری جڑی بوٹیاں
ادرک، لہسن اور ہلدی ناصرف ذائقے کے لیے بلکہ مدافعت بڑھانے کے لیے بھی اہم ہیں، ادرک اینٹی آکسیڈینٹ اور اینٹی انفلیمٹری خصوصیات رکھتا ہے، لہسن اینٹی مائیکروبیل اور مدافعتی خصوصیات رکھتا ہے اور ہلدی کا فعال جزو کرکومین جسم میں انفلیمیشن کم کرتا ہے۔
6. فرمنٹڈ ڈیری مصنوعات اور پروبایوٹک غذائیں
سادہ دہی اور دیگر پروبایوٹک غذائیں آنتوں کی صحت کو بہتر بنا کر مدافعتی نظام کو مضبوط کرتی ہیں، آنتیں مدافعتی نظام کا بڑا حصہ ہیں اور پروبایوٹک غذائیں گٹ مائیکرو بایوم کو بہتر رکھ کر جسم کو بیماریوں سے لڑنے کے قابل بناتی ہیں۔