پنجاب بھر میں کاروباری اوقات کی پابندی ختم کرنے کا اعلان

August 10, 2022

وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے صوبے بھر میں کاروباری اوقات کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ کاروباری مراکز، بازار اور دکانیں اتوار کو بھی کھلی رہیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بھر میں کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں کے لیے اتوار کی چھٹی ختم کردی گئی۔

کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں کے لیے رات 9 بجے کاروبار بند کرنے کی پابندی بھی ختم کردی گئی۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ تاجر برادری کو ریلیف دینے کے لیے پارکنگ مسائل بھی حل کریں گے، ن لیگ نے پارکنگ مافیا کو بھی پروان چڑھایا، علم ہے کہ کس نےپارکنگ مافیا کی سرپرستی کی اور کتنے کما کر گیا، پارکنگ مافیا کو ختم کروں گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پارکنگ آمدن کا 30 فیصد تاجروں کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا۔