پالتو بلی نے گھر میں ڈکیتی کی واردات کو ناکام بنادیا

August 11, 2022

امریکی ریاست مسی سیپی میں ایک پالتو بلی بینڈٹ نے اپنے مالک کے گھر ڈکیتی کی واردات کو ناکام بنایا اور ممکنہ طور پر اس کی جان بھی بچالی۔

68 سالہ ریٹائر فریڈ ایوریٹ کا کہنا ہے کہ آپ نے محافظ کتوں کے بارے میں سنا ہوگا مگر میری پالتو بلی بینڈٹ بھی ایک محافظ نکلی۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کی رات کو 2 مشتبہ افراد نے چوری کرنے کے لیےگھر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم بینڈٹ کو ان کی موجودگی کا معلوم ہوا اور وہ کچن میں میاؤں میاؤں کی آوازیں نکالنے لگی۔

بعد ازاں وہ کمرے میں داخل ہوئی اور بیڈ پر میری چادر کھینچنا شروع کی اور میرے ہاتھ پر ناخن مارے۔

فریڈ کا کہنا ہے کہ بینڈٹ نے اس سے قبل ایسی حرکتیں کبھی نہیں کی تھیں تاہم عجیب حرکتوں کی وجہ سے مجھے شک ہوا کہ کچھ گر بڑ ہے اس لیے میں اٹھا اور اپنی پستول لے کر کچن کی جانب دوڑا لیکن اس دوران میں نے کھڑکی سے دیکھا کے بلی کے شور کی وجہ سے 2 چور بھاگ گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بینڈٹ نہ ہوتی تو شاید صورتحال کافی مختلف ہوتی اور میری جان بھی جا سکتی تھی۔