سابق اسپیکر اسد قیصر ایف آئی اے دفتر میں پیش نہیں ہوئے

August 11, 2022

فائل فوٹو

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے دفتر میں پیش نہیں ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے اسد قیصر کو آج صبح 11 بجے طلب کیا تھا، اسد قیصر ایف آئی اے کے خلاف کیس کے سلسلے میں پشاور ہائیکورٹ میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق سابق اسپیکر اسد قیصر کے پشاور کے 2 نجی بینکوں میں اکاؤنٹس ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ نجی بینکوں نے ایف آئی اے کو اسد قیصر کے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی تھیں، ایف آئی اے اسد قیصر سے ان اکاؤنٹس کے متعلق پوچھ گچھ کرے گی۔

واضح رہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے آفتاب بٹ اس تحیقیاتی کمیٹی کے سربراہ ہیں۔

اسد قیصر کی میڈیا سے گفتگو

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ایف آئی اے کی انکوائری غیر قانونی ہے، اکاونٹس سے ٹرانزکشن قانون کے مطابق کی گئی۔

اسد قیصر نے کہا ہے کہ یہ صرف اور صرف سیاسی انتقامی کارروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات میں کے پی حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا، دھمکیاں مل رہی ہیں لیکن مجھے کوئی دھمکی نہیں ملی۔

اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ افسوس ہے کہ باچا خان کا نواسہ اتنا غیرسنجیدہ ہے، ہم کسی ملک سے دشمنی نہیں چاہتے، امریکا سمیت سب ممالک کےساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں۔

اسد قیصر نے کہا ہے کہ کسی کے غلام نہیں، کسی کی مداخلت نہیں مانتے۔