ہانگ کانگ کی آبادی میں تاریخی کمی، کورونا پابندیاں، سیاسی گرفتاریاں وجہ قرار

August 12, 2022

ہانگ کانگ کی آبادی میں تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ سخت ترین کورونا اقدامات اور سیاسی گرفتاریوں کی وجہ سے لوگوں نے شہر چھوڑ دیا۔

شہر کی کل آبادی 74 لاکھ 10 ہزار تھی جو کم ہو کر 72 لاکھ 90 ہزار رہ گئی ہے۔

محکمہ مردم شماری کے مطابق یہ 1.6 فیصد کمی ہے جو 1961 میں حکومت کی طرف سے ریکارڈ مرتب کرنے کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد سے سب سے بڑی کمی ہے۔

محکمہ نے بتایا کہ ایک لاکھ 13 ہزار 200 شہریوں نے پچھلے سال ہانگ کانگ کو خیرباد کہا جبکہ 2020 میں یہ تعداد 89 ہزار 200 تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث لگائی گئی سخت پابندیوں کی وجہ سے رہائشی افراد، سیاح اور غیر ملکی شہریوں نے شہر سے کوچ کرنا شروع کیا۔

ان اقدامات سے کئی بڑے کاروباروں کو نقصان پہنچا جیسا کہ تیرنے والا ریسٹورنٹ تقریباً 50 سال بعد بند ہوگیا۔

دوسری طرف 2019 میں حکومت کی طرف سے سیاسی کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوا تو برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا نے ہانگ کانگ کے شہریوں کے لیے ویزا میں نرمی کردی۔

اس وجہ سے ہزاروں افراد نے آسان ویزا سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان ممالک کا رخ کیا۔