آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈائی بیچ پر حملے کے بعد ریاست نیوساؤتھ ویلز کی پارلیمان نے گن کنٹرول اور احتجاج سے متعلق قانون منظور کرلیا۔
نئے قوانین کے تحت ایک فرد زیادہ سے زیادہ چار اسلحہ لائسنس اور کسانوں کو 10 اسلحہ لائسنس رکھنے کی اجازت ہوگی۔
اسلحہ لائسنس رکھنے والوں کے لیے گن کلب کی رکنیت لازمی قرار دی گئی ہے۔
قانون کے تحت دہشت گرد حملے کے بعد پولیس کو تین ماہ تک احتجاجی مظاہروں پر پابندیاں لگانے کے اضافی اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔
اس دوران شدت پسند تنظیموں کے جھنڈے اور علامات کی عوامی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، خلاف ورزی کی صورت میں 2 سال قید یا 22 ہزار آسٹریلوی ڈالر جرمانہ ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ سڈنی کے ساحل پر یہودیوں کے ایک تہوار کی تقریب پر 2 مسلح افراد نے فائرنگ کی تھی جس میں 15 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا بھارتی نژاد ساجد اکرم مارا گیا تھا اور اس کے حملہ آور بیٹے کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا تھا۔
زخمی ہونے والے حملہ آور 24 سالہ نوید اکرم پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ حملہ آور پر دہشت گردی سمیت 59 الزامات عائد کیے گئے ہیں۔