کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کہاں ہوئی؟

August 13, 2022

فائل فوٹو

محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بارش برسنے کے ملی میٹر میں اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ 60 ملی میٹر سُرجانی ٹاؤن میں بارش ہوئی۔

بارش کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پی اے ایف مسرور بیس 44، یونیورسٹی روڈ 43، اورنگی ٹاؤن میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بارش برسنے کے ملی میٹر میں اعداد و شمار جاری کر دیے

ناظم آباد 38، نارتھ کراچی37، سعدی ٹاؤن 35، گلشنِ معمار میں31 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

اس کے علاوہ کورنگی27، کیماڑی 22، گلشنِ حدید 20، گڈاپ 16، جناح ٹرمینل 13 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 12 اور صدر میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

گزشتہ شب ہوئی تیز بارش کے سبب نیو کراچی سیکٹر فائیو ڈی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، کے ڈی اے چورنگی، حیدری مارکیٹ، ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، موسمیات کے قریب بارش کا پانی جمع ہے جبکہ بارش کے باعث کئی سڑکوں پر گاڑیاں بند ہونے کے باعث رات کو شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے تحت آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔