سوات میں کالعدم تنظیم کے مسلح ارکان کی مبینہ موجودگی کی خبریں گمراہ کن ہیں، آئی ایس پی آر

August 13, 2022

پاک فوج نے سوات میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی موجودگی کی خبروں کو غلط فہمی قرار دیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ چند روز میں کالعدم ٹی ٹی پی کے مسلح افراد کی سوات میں مبینہ موجودگی کی غلط فہمی پھیلائی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے وادی سوات میں کالعدم ٹی ٹی پی کی مبینہ موجودگی کی غلط فہمی پھیلائی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سوات میں کالعدم تنظیم کے مسلح ارکان کی مبینہ موجودگی کی خبریں گمراہ کن ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ سوات اور دیر کے درمیان پہاڑوں پر چند مسلح افراد کی موجودگی پائی گئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بظاہر یہ افراد اپنے آبائی علاقوں میں دوبارہ آباد ہونے کےلیے افغانستان سے چوری چھپے آئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہاڑوں میں ان کی محدود موجودگی اور نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عسکریت پسندوں کی کسی بھی جگہ موجودگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اگر ضرورت پڑی تو ان سے بھر پور طاقت سے نمٹا جائے گا۔