کوہ سلیمان میں طوفانی بارش، پہاڑوں سے سیلابی ریلے نکل آئے

August 14, 2022

فائل فوٹو

کوہ سلیمان رینج میں گزشتہ شب سے طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث پہاڑوں سے سیلابی ریلے نکل رہے ہیں۔

ایری گیشن حکام کے مطابق کوہ سلیمان رینج سے مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں سیلابی ریلے داخل ہونے کا امکان ہے۔

دوسری طرف بارکھان، کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

لیویز کنٹرول کے مطابق کوہلو کے مختلف علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال ہے، پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا ہے۔

لیویز کنٹرول کے مطابق مختلف علاقوں میں کچے مکانات گر گئے، لیویز اور ایف سی کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

بارکھان کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں سے رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، ادھر جھل مگسی میں موسلادھار بارش سے دریائے مولہ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

لیویز حکام کے مطابق ڈیرہ بگٹی کی تحصیل پھیلاوغ میں طوفانی بارش سے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔

لیویز کنٹرول کے مطابق سیلابی ریلے سے بیکٹر کو پھیلاوغ سے ملانے والا پل بہہ گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق دکی میں موسلادھار بارش سے تحصیل لونی میں سیلابی ریلے آبادیوں میں داخل ہوگئے، وہاں کچے مکانات گر گئے جس کے بعد وہاں امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔

بلوچستان میں بعض علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری ہے، جن میں ہرنائی، زیارت، لورالائی اور پشین شامل ہیں۔