مشیرِ نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نیلامی سے 120 ارب روپے آنے کی توقع تھی، نجکاری پر بہت اطمینان ہے اچھی قیمت پر ہوئی۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران محمد علی نے کہا کہ جو بولی لگی وہ حکومت اور خریدنے والے کے لیے بھی بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی بولی میں ہماری توقع 120 ارب روپے تک تھی، حکومت کئی سال سے پی آئی اے کو بیچنے کی کوشش کر رہی تھی۔
مشیرِ نجکاری نے کہا کہ پی آئی اے کے 18 طیارے ابھی آپریشنل ہیں، 125 ارب روپے پی آئی اے میں جائیں گے۔
اُن کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کے لیے ایک اہم دن ہے، کنسورشیم کامیاب ہو چکا، اب ان کے لیے پارٹنر ڈھونڈنا مشکل نہیں ہو گا۔
محمد علی نے کہا کہ نیویارک اور پیرس میں پی آئی اے کے ہوٹل نجکاری کا حصہ نہیں، لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے ایئر پورٹ ہم کھلی نیلامی کے ذریعے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب لوگوں نے دیکھ لیا کہ ہم ٹرانزیکشن مکمل کرنے میں سنجیدہ ہیں، نجکاری سے متعلق 2026ء میں مزید کامیابی دیکھیں گے۔
مشیرِ نجکاری نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری پر بہت اطمینان ہے، اچھی قیمت پر ہوئی، جتنا حکومت ان اداروں سے کما رہی تھی نجکاری کے بعد اس سے زیادہ ٹیکس میں آئے گا۔
اُن کا کہنا ہے کہ جب تک انرجی سیکٹر کی نجکاری نہیں ہو گی چیزیں بہتر نہیں ہو پائیں گی۔