پیپلز لیبربیورو کے انچارج چوہدری منظور نے کہا ہے کہ حکومت قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری پر قوم کو گمراہ کر رہی ہے، نجکاری بڑا اسکینڈل ثابت ہو گی۔
لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں چوہدری منظور نے کہا ہے کہ جس گھر کے برتن بکیں اس کی جیت کیسے ہو سکتی ہے؟ پاکستان کے اثاثے ہیں، جن کو اونے پونے داموں میں بیچا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے اثاثے ہزاروں ارب روپے کے ہیں، ادارے نے گزشتہ سال 26 ارب روپے کا منافع کمایا تھا۔
انچارج پیپلز لیبر بیورو نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری پر حکومت قوم کو گمراہ کر رہی ہے، پی آئی اے کے 30 جہاز تقریباً 100 ارب روپے کے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ ملازمین کا پروویڈنٹ فنڈ 20 ارب، 8 بلڈنگز تقریباً 50 ارب روپےکی ہیں، 10 ارب روپے کے اسپیئر پارٹس اور ہینگرز ہیں۔
چوہدری منظور نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے کی پرائیوٹائزیشن سراسر زیادتی اور ظلم ہے، ادارے کا سیلری امپیکٹ صرف 16 فیصد ہے۔