امارات میں گرد و غبار کا طوفان، حد نگاہ متاثر، فلائٹس کا رُخ موڑ دیا گیا

August 14, 2022

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں گرد و غبار کے طوفان آنے کی اطلاعات ملی ہیں، جس سے شارجہ اور دبئی میں حد نگاہ متاثر ہوئی۔

دبئی سے اماراتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ابوظبی، دبئی اور شارجہ ایئرپورٹ پر کئی فلائٹس اتر نہیں سکیں۔ جس کے بعد پروازوں کا رخ قریبی ریاستوں کی طرف موڑ دیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ابوظبی ایئرپورٹ پر 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ ابوظبی ایئرپورٹ پر تیز ہواؤں کی وجہ سے حد نگاہ 500 میٹر سے بھی کم ہوگئی۔ شارجہ کے کئی علاقوں اور ریاست راس الخیمہ میں بارش ہوئی۔

ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ابوظبی کے شہر العین اور ریاست فجیرہ میں رات میں بارش کا امکان ہے۔ گرد و غبار کے طوفان سے حد نگاہ کم ہونے کے ساتھ فلائٹ شیڈول متاثر ہوا۔

دبئی سے اسلام آباد اور کراچی کی فلائٹس بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔

پاکستانی نجی ایئر لائن کی دبئی سے اسلام آباد جانے والی پرواز دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، اس پرواز میں 200 سے زائد مسافر سوار ہیں۔