آج افغانستان میں عام تعطیل کیوں؟

August 15, 2022

—فائل فوٹو

افغانستان میں آج طالبان حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں عام تعطیل کی گئی ہے۔

طالبان نے گزشتہ برس 15 اگست کو افغانستان میں اپنی حکومت کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

خبر ایجنسی کے مطابق طالبان حکام نے ابھی تک افغانستان پر کنٹرول کے ایک سال مکمل ہونے پر کسی سرکاری تقریبات کا اعلان نہیں کیا تاہم افغان ٹیلی وژن خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔

افغانستان میں طالبان امیر کی جانب سے نامزد کردہ عبوری کابینہ امور مملکت چلا رہی ہے اور تاحال خواتین کی ملازمتوں اور لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی عائد ہے جبکہ ابھی تک کسی ملک نے طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے۔

طالبان افغانستان میں 1990ء کے عشرے میں منظر عام پر آئے، طالبان تحریک کا آغاز 1994ء میں اس وقت ہوا، جب ڈاکٹر نجیب کی حکومت ختم ہونے کے بعد افغان مجاہدین خانہ جنگی کا شکار تھے۔

طالبان کی قیادت ملا محمد عمر کے پاس تھی، 27 ستمبر 1996ء کو کمانڈر احمد شاہ مسعود اپنی فوجوں کو کابل سے وادی پنج شیر لے گئے، جس کے بعد طالبان فوجوں نے کابل پر قبضہ کیا۔

1998ء میں عبدالرشید دوستم کی ملیشیا کی زبردست مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس کے بعد طالبان نے مزار شریف پر بھی قبضہ کیا۔

امریکا میں 11 ستمبر کا واقعہ پیش آیا، امریکا نے گیارہ ستمبر کے واقعات کا الزام القاعدہ پر لگا کر طالبان سے مطالبہ کیا کہ وہ اسامہ بن لادن کو امریکا کے حوالے کر دیں، ایسا نہ ہونے پر 7 اکتوبر کو امریکا نے افغانستان پر حملہ کر دیا۔

ایک ماہ بعد 9 نومبر کو مزار شریف اور پھر 13 نومبر کو کابل پر اتحادیوں نے قبضہ کر لیا، کچھ عرصے کے بعد افغان طالبان نے افغانستان میں اتحادیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دیں۔

امریکا نے بالآخر افغان طالبان سے مذاکرات شروع کیے اور افغانستان سے اپنی فوجوں کے انخلاء پر اتفاق کیا۔

امریکی مدد رک جانے کے بعد افغان فورسز طالبان کا مقابلہ نہ کر سکیں اور کسی مزاحمت کے بغیر افغانستان کے بیش تر علاقوں پر طالبان نے قبضہ کر لیا۔

افغان طالبان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کا کنٹرول حاصل کیا اور صدارتی محل میں داخل ہوئے اور سابق افغان صدر اشرف غنی اقتدار چھوڑ کر تاجکستان چلے گئے تھے۔

سن 2001ء کے بعد کابل کا منظر نامہ ایک بار پھر بدل گیا اور طالبان دارالحکومت میں داخل ہوگئے۔

طالبان نے افغان فوج کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد 15 اگست2021 کو افغانستان پر کنٹرول کا اعلان کیا تھا۔

30 اگست2021 کو امریکا سمیت تمام غیر ملکی افواج نے افغانستان سے انخلاء کا عمل مکمل کر لیا تھا۔