جشنِ آزادی کی تقریب میں رقص، سوشل میڈیا صارفین کا اظہار برہمی

August 15, 2022

گزشتہ روز پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے 75واں یومِ آزادی کا جشن جوش و خروش سے منایا گیا۔

اس پر مسرت موقع پر ہزاروں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

پاکستانی میڈیا نے بھی اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور ہر چینل نے اپنی نشریات سے ناظرین میں موجود حب الوطنی کے جذبات کو تازہ کیا۔

ایسے میں ناظرین کو جشنِ آزادی کے موقع پر کیا گیا رقص ناگوار گزرا جس کا اظہار سوشل میڈیا پر کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا کے سیکڑوں صارفین کی جانب سے جشنِ آزادی کے موقع پر مغربی لباس میں کیے گئے رقص کے خلاف پوسٹنگ کی جا رہی ہے۔

صارفین ڈانس کلپ شیئر کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کر رہے ہیں اِن میں سرِ فہرست مفتی تقی عثمانی، عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ، اسلامک اسکالر ڈاکٹر بشریٰ اقبال سمیت کئی معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔

انٹرنیٹ صارفین کا تیزی سے وائرل ہوتے رقص کی اِن ویڈیوز پر پوچھنا ہے کہ یہ کس صوبے کی ثقافت ہے؟

صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستان بدل رہا ہے جبکہ عمران شہزاد نامی صارف کا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے لکھنا ہے کہ پرچم کشائی کی تقریب ہمیشہ سے پروقار ہوتی ہے۔

ایک صارف کی جانب سے دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ سیلاب، مہنگائی اور بھوک سے مرتی عوام کو یہ رقص 75کروڑ میں پڑا ہے۔