پاکستان، نیدرلینڈز سیریز کا پہلا مقابلہ آج ہوگا

August 15, 2022

پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان ہونے والی دوطرفہ ون ڈے سیریز کا آغاز آج سے ہو گا، پہلے میچ کے لیے ٹیمیں روٹر ڈیم میں مد مقابل ہوں گی۔

آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل سیریز کے تینوں میچز پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیوسوپر براہ راست نشر کرے گا۔

روٹر ڈیم کا مرکزی اسٹیڈیم پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان ہونے والی پہلی ون ڈے سیریز کی میزبانی کر رہا ہے۔

قومی ٹیم نے ایک روز پہلے بھرپور ٹریننگ کی، لیکن بارش کی وجہ سے آخری دن ٹریننگ کچھ متاثر ہوئی، البتہ کھلاڑیوں نے انڈور میں بیٹنگ پریکٹس کی۔

ویسے رینکنگ کے اعتبار سے تو پاکستان اور نیدرلینڈز کی ٹیموں کا کوئی جوڑ نہیں، لیکن سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

اس لیے ہر میچ پاکستان کےلیے اہم ہے، ورلڈ کپ سپر لیگ میں پاکستان 90 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے، لیکن سیریز 0-3 سے جیت کر ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر سکتا ہے۔

کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ یہاں کا موسم اور مہمان نوازی بہت اچھی ہے، انہیں یقین ہے یہ سیریز اس خطے میں کرکٹ کے فروغ کا سبب بنے گی۔

کپتان کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کا ری ہیب جاری ہے وہ کافی بہتر محسوس کررہے ہیں، ان کی عدم موجودگی نوجوان فاسٹ بولرز کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا سنہری موقع ہے۔

پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہو گا اور سیریز کے تمام میچز پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیوسوپر براہ راست نشر کرے گا۔