نوح دستگیر اسلامی گیمز میں ناکام، ویٹ لفٹنگ میں چوتھی پوزیشن

August 16, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترکی کے شہر قونیہ میں اسلامک گیمز میں پاکستان کے ویٹ لفٹرنوح دستگیر بٹ کامن ویلتھ گیمز کی کارکردگی دھرانے میں ناکام رہے۔ پیر کو 109 پلس کے جی میں نوح کی چوتھی پوزیشن رہی ۔ انہوںنے اسنیچ میں 162 اور کلین ایند جرک میں 216 کے جی وزن اٹھایا۔ اسنیچ میں 170 اور کلین اینڈ جرل میں 226 کلووزن اٹھانے کی کوششیں ناکام رہیں اور میڈل جیتنے کی امید دم توڑ گئی۔ تاہم پیر کو پیرا ٹیبل ٹینس ایونٹ میں پاکستان کے الطاف الرحمن نے کانسی کا تمغہ جیت لیا ۔ پاکستانی شوٹرز اگلے رائونڈ تک رسائی میں ناکام رہے۔ پہلے دن ٹاپ آٹھ میں رہنے والے عثمان چند دوسرے روز فام برقرار نہ رکھ سکے۔ خرم انعام اور آصف محمود بھی ٹاپ آٹھ میں نہ آسکے۔ سوئمنگ میں بسمعہ خان اور جہاں آرا نبی نے 100 میٹر فری اسٹائل کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ سیمی فائنل میں جہاں آرا نبی 1:02.11 کی ٹائمنگ کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہیں۔ بسمعہ خان کی ٹائمنگ 1:02.59 رہی، انہوں نے آٹھویں پوزیشن حاصل کی۔ ویٹ لفٹر حنظلہ دستگیر کی 109- مقابلوں میں چھٹی پوزیشن رہی۔