ملک کو زیادہ نقصان عمران اینڈ گوگی گینگ نے پہنچایا‘ حمداللہ

August 16, 2022

کوئٹہ ( آئی این پی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی ترجمان و جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا حافظ حمداللہ نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازگل کا بیان ان کا ذاتی نہیں پارٹی کاہے جس کا اعتراف آج فواد چوہدری نے کرتے ہوئے کہا کہ پوری پارٹی ’’گل‘‘کے ساتھ ہے۔ مولانا حافظ حمداللہ نے کہاکہ تین خود کش حملوں کا نشانہ بننے والا مولانافضل الرحمٰن کاتعلق دہشت گردوں سے جوڑنا ہی بدترین دہشت گردی ہے،20 سالہ دہشت گردی نے ملکی معیشت اور اداروں کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا نقصان عمران نیازی اینڈ گوگی گینگ نے پہنچایا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی شہری شہبازگل جب پروفیسر ہے تو پروفیسر ہی رہے مائی باپ بننے کی کوشش نہ کرے، جواب دے کہ بغاوت پر مبنی بیان کیوں اور کس کے کہنے پر دیا۔کیا غیرملکی شہریوں اور سیکڑوں غیرملکی کمپنیوں سے اربوں روپے لینے کا مقصدیہ تھا کہ پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کیاجائے ، جو کام بھارت نریندر مودی بی جے پی کا تھا وہ عمران نیازی اور پی ٹی آئی کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پونے چار سال وفاق اور دس سال سے خیبر پشتونخوا میں آپ کی حکومت ہے،اگر مولانافضل الرحمٰن کے خلاف کیس ہوتا تو گرفتار کیوں نہیں کرتے۔