حکومتی پزیرائی نہ ملنے کا اب سوچنا چھوڑ دیا، شہروز کاشف

August 17, 2022

فوٹو: فائل

کم عمر ی میں دنیا کی 8 ہزار میٹر سے بلند 10 چوٹیاں سر کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے کوہ پیما شہروز کاشف کا کہنا ہے کہ حکومتی پزیرائی نہ ملنے کا اب سوچنا چھوڑ دیا ہے۔ استقبال کے لیے فیملی ہی کافی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 ہزار میٹر سے بلند 14 چوٹیاں سر کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کرنا ہدف ہے۔

کوہ پیما شہروز کاشف ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے بعد جب اسکردو سے لاہور پہنچے تو ان کے والدین بھائیوں اور دوستوں نے ان کا استقبال کیا۔

شہروز کاشف نے 8 ہزار میٹر سے بلند دو چوٹیاں جی ون اور جی ٹو یکے بعد دیگرے سر کیں، اس طرح شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند 10 چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں۔

شہروز کاشف کا کہنا ہے کہ ان کا ہدف 8 ہزار میٹر سے بلند 14 چوٹیاں سر کرنا ہے۔ چین کی 2 چوٹیاں سر کرنے کے لیے انہیں پر مٹ درکار ہے، حکومت اس سلسلے میں ان کی مدد کرے۔

ورلڈ ریکارڈ ہولڈر کم عمر کوہ پیما شہروز کاشف کی حوصلہ افزائی کے لیے کوئی حکومتی نمائندہ موجود نہیں تھا۔ شہروز کاشف کہتے ہیں اب محسوس کرنا چھوڑ دیا ہے، اس کے لیے فیملی ہی کافی ہے۔

نیپال میں 8 ہزار میٹر سے بلند 2 چوٹیاں سر کرنے کی مہم کا آغاز شہروز کاشف آئندہ ماہ کریں گے۔