ممنوعہ فنڈنگ کیس: ایف آئی اے میں پی ٹی آئی کے 5 مزید رہنماؤں کی طلبی

August 17, 2022

ممنوعہ فنڈنگ کیس کے سلسلے میں ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے 5 مزید رہنماؤں کو طلب کرلیا۔

کراچی سے ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ان رہنماؤں کو الیکشن کمیشن سے چھپائے گئے بینک اکاؤنٹس آپریٹ کرنے کے الزام میں طلب کیا گیا ہے۔ ان میں فردوس شمیم نقوی اور سابق ایم پی اے ثمرعلی خان شامل ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع نے مزید بتایا کہ ان دونوں رہنماؤں کو 19 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی خواتین ونگ کی سابق رہنما اور فنانس سیکریٹری فرح ناز، رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون، خواتین ونگ کا اکاؤنٹ آپریٹ کرنے والی روشنا فہد کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے الیکشن کمیشن سے چھپائے گئے 16 بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ اکاؤنٹس 2009 سے 2013 تک آپریٹ کیے گئے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل اور سیما ضیا کو بھی طلب کیاجا چکا ہے۔ تاہم عمران اسماعیل اور سیما ضیا ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے تھے۔