یو ایس اوپن میں اچھی کارکردگی کیلئے پر امید ہوں، اعصام الحق

August 18, 2022

فائل فوٹو

ٹینس اسٹار اعصام الحق کا کہنا ہے کہ یو ایس اوپن میں اچھی کارکردگی کے لیے پر امید ہوں، ٹریننگ اچھی جا رہی ہے، فٹنس بھی بھرپور ہے اچھے نتائج کی امید ہے۔

اعصام الحق کا کہنا ہے کہ اکیڈمی کے لیے چار سینٹرز سے اچھا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، جدید انداز میں گرومنگ کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ یوایس اوپن کیلئے امریکا جا رہا ہوں، 10دن وہاں ٹریننگ کروں گا۔

اعصام نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے یورپی ٹیم کے خلاف کھیلنا اچھا تجربہ ہوگا، فرانس اور بلغاریہ کے انڈور ایونٹس میں شرکت کروں گا، اکتوبر میں وطن واپسی ہوگی۔

قومی ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے اکیڈمی قائم کر رہا ہوں،عقیل خان میرے ساتھ ہوں گے، لاہور،کراچی،اسلام آباد اور پشاور میں نوجوان ٹیلنٹ تلاش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اچھے کوچز مہیا کریں گے، سال بھر کے لیے کھلاڑیوں کو بالز فری ملیں گی، 4 سینٹرز کے لیے 4 کوچز اور ٹریننرز کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

اعصام الحق کا مزید کہنا تھا کہ نومبر اور دسمبر میں خود کھلاڑیوں کے ساتھ کام کروں گا، اگلےسال اکیڈمی کے کھلاڑیوں کے درمیان لیگ کراؤں گا۔