ریسکیو آپریشن کافی سست ہے: ڈوبنے والے کار ڈرائیور کے چچا کا الزام

August 18, 2022

اسکرین گریب

گزشتہ روز ملیر ندی میں بہہ جانے والی لاپتہ کار کے ڈرائیور عبدالرحمٰن کے چچا نے الزام عائد کیا ہے کہ ریسکیو آپریشن کافی سست ہے۔

حادثے کی شکار کار کے ڈرائیور عبدالرحمٰن کے چچا عبدالحافظ نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں رات کو پتہ چلا کہ بھتیجے کی کار ڈوب گئی ہے۔

عبدالحافظ نے کہا کہ میرے 4 بھتیجے ہیں، سب سے بڑا عبدالرحمٰن تھا، ندی میں بہہ جانے والے افراد کو ڈھونڈنے کے لیے نیوی کی ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا جائے۔

’’بھائی نے کہا ڈھائی گھنٹے میں گھر پہنچ جاؤنگا‘‘

گاڑی کے ڈرائیور عبدالرحمٰن کے بھائی عبیداللّٰہ نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شام 6 بجے بھائی کی کال آئی تھی، بھائی نے کہا تھا کہ ڈھائی گھنٹے میں گھر پہنچ جاؤں گا۔

عبید اللّٰہ کا کہنا ہے کہ میڈیا سے پتہ چلا کہ بھائی کی گاڑی ندی میں گر گئی ہے، یہاں پہنچے تو پہلے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش شروع کی۔

گاڑی گزشتہ شام ندی میں بہہ گئی تھی

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ملیر میں ایم نائن لنک روڈ پر گزشتہ شام سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی کار آج صبح پانی کا لیول کم ہونے پر 2 کلومیٹر دور سے مل گئی۔

کار میں سوار افراد کا دوپہر تک سراغ نہیں ملا تھا تاہم اب ایک بچے کی لاش مل گئی ہے جبکہ میاں بیوی، ان کے 3 بچوں اور گاڑی کے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق واقعے کے بعد سے ڈپٹی کمشنر ملیر کی نگرانی میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔