جب سینکڑوں بھیڑوں نے ٹریل رنر کو چرواہن سمجھ لیا

September 20, 2022

کیا آپ نے کبھی بھیڑ چال کا عملی مظاہرہ دیکھا ہے! اگر نہیں تو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی ویڈیو میں مشہور کہاوت سچ ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک صارف نے دلچسپ ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فرانس سے تعلق رکھنے والی ٹریل رنر (trail runner) پریکٹس کے دوران دوڑتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔

ویڈیو میں فرانسیسی ٹریل رنر کے پیچھے بھیڑوں کا ایک بڑا ریوڑ بھی بھاگتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ ٹریل رنر بھیڑوں سے پریشان ہوکر اپنی ایک ساتھی کو اس صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے کچھ دیر رُکتی ہیں تو بھیڑوں کا یہ ریوڑ بھی انتہائی مطمئن انداز میں ان کا انتظار کرتا ہے ۔

ٹریل رنر جب اپنی گفتگو مکمل ہونے پر دوبارہ بھاگنا شروع کرتی ہیں تو بھیڑوں کا یہ ریوڑ بھی دوبارہ ان کا پیچھا کرتا ہے۔

یہ ویڈیو ایلیناور اسکولز نامی صارف نے شیئر کی ہے جس پر اب تک 14 ملین سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں جبکہ تقریباً 8 لاکھ صارفین اس ویڈیو کو لائک کرچکے ہیں۔

اس ویڈیو کا کمنٹ سیکشن بھی دلچسپ تبصروں سے بھرا ہوا ہے۔ ایک صارف کا کہنا ہے کہ یہ حیران کُن ہے، میں سوچ رہا ہوں یہ کتنے میل تک اس طرح پیچھا کرتے ہوں گے، آخر میں کیا ملا ہوگا انہیں؟

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ جب آپ کسی کا ریوڑ چُرا لیں جبکہ ایک صارف نے ٹریل رنر کو نئی چرواہن (بھیڑیں چرانے والی) قرار دے دیا۔