اسکاٹش چیمبر آف کامرس سے بزنس ٹو بزنس تعاون کا آغاز، 15 ہزار کمپنیوں کو رسائی ملے گی

September 28, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے ملک کی تمام کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ نے اسکاٹش چیمبر آف کامرس کے ساتھ بڑے پیمانے پربز نس ٹو بزنس تعاون کا آغاز کر دیا ہے اور یہ تعاون کا معاہدہ پاکستانی کمپنیوں کو تقریباً 15000بڑی اسکاٹش کمپنیو ں تک رسائی فراہم کرے گا۔ معا ہدہ برآمدات کے فروغ، برا ہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری،جوائنٹ وینچرز اوربزنس ٹو بزنس روابط کے حوالے سے ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔اسکاٹ لینڈ کا دورہ کرنے والے پاکستانی وفد کی سربراہی ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر سلیمان چاؤلہ کر رہے ہیں اور اس میں پاکستان کے ممتاز صنعتکار شامل ہیں؛ جن میں اسکاٹ لینڈ، یو کے اور یورپی یونین ممالک کے سرکردہ تاجر رہنما بھی شامل ہیں۔ سلیمان چاؤلہ نے کہا کہ اس معاہدے کی ایک بڑی امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ اسکاٹ لینڈ کے 30علاقائی چیمبرز بھی اس معا ہدے کے تحت پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔