کمشنر کراچی اپنے اختیارات کا نتیجہ خیز استعمال کریں، صدر چیمبر

September 29, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا کہ آئندہ 12سے18ماہ میں شہر میں چار ریپڈ بس ٹرانسپورٹ سسٹم کام کرنا شروع کر دیں گے اور سیکڑوں نئی اورجدید بسیں فلیٹ میں شامل کر دی جائیں گی ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو دورہ فیڈریشن کے موقع پر کاروباری برادری سے گفتگو کر تے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ کمشنر کراچی کو چاہیے کہ وہ اپنے اختیارات کا نتیجہ خیز استعمال کرتے ہوئے شہر کی تجارتی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنے زیر نگرانی متعدد محکموں کو شہر کی تجارتی و اقتصادی ترقی میں معاون و مدد گار کا کردار ادا کرنے کے لیے راغب کریں۔ خستہ حال انفراسٹرکچر، پانی اور سیوریج کا خراب نظام ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا نا اہل نظام اور ناکافی شہری سہولتیں اور امن و امان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال نے کراچی کی کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کی حوصلہ شکنی کی ہے اور انہیں مایوسی کا شکار کیا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر شبیر حسن نے اپنے گہرے خدشات کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ کل ریونیو کا 60 فیصد سے زائد حصہ دینے کے باوجود کراچی جیسا میٹروپولیٹن سٹی اب بھی ایک معقول پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم سے محروم ہے اور سڑکیں دائمی طور پر خراب و خستہ رہتی ہیں۔